گجرات (پی این آئی) ق لیگ کے رکن قومی اسمبلی حسین الہٰی نے حکومت پر امپورٹڈ اپوزیشن لیڈر لانے کا الزام عائد کر دیا ہے۔ گجرات میں میڈیا سے گفتگو میں چوہدری وجاہت حسین کے صاحبزادے اور چوہدری شجاعت حسین کے بھتیجے چوہدری حسین الہٰی نے کہا کہ نئی وفاقی حکومت پی ٹی آئی کے منحرف اراکین سے مل کر امپورٹڈ اپوزیشن لیڈر بنا رہی ہے جبکہ مجھے ق کی قیادت نے اپوزیشن لیڈر قومی اسمبلی کا امیدوار بنایا ہے،
ہم ایوان میں امپورٹڈ حکومت کا ڈٹ کر مقابلہ کر رہے ہیں اور اب امپورٹڈ اپوزیشن کا بھی مقابلہ کریں گے۔حسین الہٰی نے مزید کہا کہ میں پرویز الہٰی اورمونس الہٰی کی مشاورت سے اپوزیشن لیڈر نامزد ہوا، حکومت نے منحرف اراکین سے اپوزیشن لیڈر چننے کا پلان بنا رکھا ہے۔ حسین الہیٰ جو اپنے پھوپھا چوہدری پرویز الہٰی کے دھڑے کی حمایت کر رہے ہیں کا کہنا تھا کہ حکومت ربڑ اسیٹمپ اپوزیشن چاہتی ہے، ق لیگ میں سے پ لیگ نکلنے کی خبر میں کوئی حقیقت نہیں، عمران خان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔ حسین الہٰی نے اختلافات کی موجودگی کا اعتراف کیا اور کہا کہ اس کے باوجود ہماری کوشش ہے کہ ہم تقسیم نہ ہوں، ہمارے 2 ایم این ایز حکومت اور 3 اپوزیشن میں بیٹھے ہیں، ہم عمران خان کے ساتھ کھڑے رہیں گے۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں