اس سال خسارے کا بجٹ ہوگا، مشکل فیصلے کرنا ہوں گے، مفتاح اسماعیل کی اسحاق ڈار اور نواز شریف سے ملاقات کے بعد گفتگو

لندن (آئی این پی)وفاقی وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ اس سال خسارے کا بجٹ ہوگا، مشکل فیصلے کرنا ہوں گے، الیکشن ہی مسائل کا حل ہیں، ملک کو پٹری پرڈال کرالیکشن کی جانب جائیں گے۔ جمعرات کو مفتاح اسماعیل آئی ایم ایف سے مذاکرات کے لیے واشنگٹن جانے سے قبل لندن پہنچے جہاں انہوں نے نواز شریف اور اسحاق ڈار سے ملاقات کی۔

لندن میں میڈیا سے گفتگو میں مفتاح اسماعیل نے کہا کہ اہم ترین مسئلہ معاشی حالت کی بہتری ہے، نواز شریف نے ہدایت کی ہے کہ عوام پر مزید بوجھ نہیں ڈالا جائے، سبسڈی ختم نہ کی تو پھر قرض لینا پڑیگا۔مفتاح اسماعیل کا کہنا تھا کہ اس سال خسارے کا بجٹ ہوگا، مشکل فیصلے کرنا ہوں گے، عمران حکومت پہلے ہی ریکارڈ قرض لے چکی ہے، ٹیکس بھی اتنا جمع نہیں کیا، جتنا ن لیگ چھوڑ کر گئی تھی۔ان کا کہنا تھا کہ الیکشن ہی مسائل کا حل ہیں، نگران حکومت آئی ایم ایف سے مذاکرات نہیں کرسکتی، ملک کو پٹری پر ڈال کر الیکشن کی جانب جائیں گے۔انہوں نے کہا کہ سابقہ حکومت نے آئی ایم ایف سے کیے گئے کچھ وعدے جان بوجھ کر اور کچھ وعدے نااہلی سے توڑے، پاکستان میں مہنگائی دنیا میں تیسرے نمبرپر ہے، عمران خان نے نااہلی اوربدعنوانی کے امتزاج کی تاریخ رقم کی ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں