کون کون جیلوں میں جائیگا؟ وزیر داخلہ رانا ثنا اللہ کا دبنگ اعلان

اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی وزیرداخلہ رانا ثناءاللہ نے کہا ہے کہ اب آئین شکن اور گھڑی چور جیلوں میں جائیں گے، اب سینٹرل جیل کے حاضری رجسٹر کا صفہ پلٹ چکا ہے، مجرم چار سال ملک پر مسلط اور بےگناہ جیلوں میں رہے، اللہ نے بےگناہوں کو سرخرو کردیا۔ انہوں نے بطور وزیرداخلہ حلف لینے کے بعد ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ اب سینٹرل جیل کے حاضری رجسٹر کا صفہ پلٹ چکا ہے، مجرم چار سال ملک پر مسلط اور بےگناہ جیلوں میں رہے۔

 

اللّٰہ تعالیٰ نے اپنے کرم سے بے گناہوں کو عزت دی اور سرخرو کیا۔انہوں نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ کا شکر ادا کرتے ہوئے کہتا ہوں: وَتُعِزُّ مَن تَشَاءُ وَتُذِلُّ مَن تَشَاءُ۔ انہوں نے کہا کہ اللّٰہ تعالیٰ نے اپنی قدرت کا نظارہ آج عوام کو دکھایا ہے، دوسروں کو رسوا کرنے کی کوشش کرنے والے خود خوار ہوگئے۔اب آئین شکن اور گھڑی چور جیلوں میں جائیں گے۔ واضح رہے نئی وفاقی کابینہ کے اراکین نے ایوان صدر میں منعقدہ ایک سادہ اور پروقار تقریب میں حلف اٹھا لیا، چیئرمین سینیٹ محمد صادق سنجرانی نے نئے وفاقی وزراءاور وزراء مملکت سے حلف لیا۔وفاقی کابینہ میں مسلم لیگ (ن) ، پاکستان پیپلز پارٹی، جمعیت علماءاسلام، ایم کیو ایم اور دیگر اتحادی جماعتوں کو نمائندگی دی گئی ہے۔

 

نئی کابینہ میں جن وزراءکو وفاقی وزیر کی حیثیت شامل کیا گیا ہے ان میں خواجہ محمد آصف، احسن اقبال، رانا ثناءاللہ، سردار ایاز صادق، رانا تنویر حسین، خرم دستگیر خان، مریم اورنگزیب، خواجہ سعد رفیق، مفتاح اسماعیل، میاں جاوید لطیف، ریاض حسین پیرزادہ، مرتضی جاوید عباسی، اعظم نذیر تارڑ، سید خورشید احمد شاہ، سید نوید قمر، شیری رحمان، عبد القادر پٹیل، شازیہ مری، سید مرتضی محمود، ساجد حسین طوری، احسان الرحمٰن مزاری، عابد حسین، اسعد محمود، عبد الواسع، مفتی عبدالشکور، محمد طلحہ محمود، سید امین الحق، سید فیصل علی سبزواری، محمد اسرار ترین، نوابزادہ شاہ زین بگٹی اور طارق بشیر چیمہ شامل ہیں۔ڈاکٹر عائشہ غوث پاشا، حنا ربانی کھر اور عبد الرحمٰن خان کانجو کو کابینہ میں وزراء مملکت کا قلمدان دیا گیا ہے۔ کابینہ میں قمر زمان کائرہ، انجینئر امیر مقام اور عون چوہدری کو مشیروں کی حیثیت سے شامل کیا گیا ہے۔

 

نئی وفاقی کابینہ کی حلف برداری سے قبل وزیراعظم محمد شہباز شریف نے پی ڈی ایم میں شامل جماعتوں اور دیگر اتحادی جماعتوں کے سربراہان سے کابینہ کی تشکیل کے لئے مشاورت کی تھی جس کے بعد کابینہ کو حتمی شکل دی گئی۔ یہ امر قابل ذکر ہے کہ مسلم لیگ (ن) کے صدر محمد شہباز شریف نے 11 اپریل کو ملک کے نئے وزیر اعظم کی حیثیت سے حلف اٹھایا تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close