آرمی چیف اور وزیراعظم شہباز شریف کے لیے سب سے بڑا چیلنج کیا ہوگا؟ سینئر صحافی ندیم ملک کا دعویٰ

اسلام آباد(پی این آئی) میزبان و تجزیہ کار ندیم ملک کا کہنا ہے کہ آرمی چیف اور شہباز شریف کے لیے سب سے بڑا چیلنج سازشی تھیوری کا ہے وہ جہاں بھی جائیں گے اور جس سیشن سے خطاب کریں گے ان کواس کا جواب دینا پڑے گا۔

 

نجی ٹی وی کے پروگرام میں بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پاکستان میں سازشی تھیوری بہت بکتی ہے،اس لیے پاکستان میں اس وقت فساد والی کیفیت ہے اور اگر ہم نے اس پر قابو نہ پایا تو آئندہ آنے والے چند مہینوں میں پورے ملک میں آگ پھیلنے کا اندیشہ ہے ،کم ہونے کا نہیں۔ ان کا کہنا تھا کہ اس لیے پوری قوم کو دعا کرنی چاہیے کہ ہم فساد والی کیفیت سے نکل آئیں اور امن کی طرف آجائیں لیکن آئندہ جو چند ہفتے ہیں ان میں مجھے وہ فضا بنتی نظر نہیں آتی۔میزبان نےکہا کہ آج وزیراعظم شہباز شریف اور آرمی چیف کے درمیان ہونے والی ملاقات میں امن و سلامتی کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا ہے۔لیکن ایک چیز جو سرفہرست ہو گی جنرل قمر جاویدباجوہ کے سامنے اورشہباز شریف کے سامنےبھی ،وہ دو مسائل ہوں گے جن میں ایک تو معیشت ڈوب رہی ہے جس میں شہباز شریف میٹرو کا افتتاح کر کے معیشت کو نہیں بچا سکیں گے۔انہیں بہت مشکل فیصلے اور ریفارمز کرنے کی ضرورت ہے جن میں انہیں تیل کی قیمتیں بڑھانی ہوں گی۔

 

ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کا تیل کی قیمتوں کے حوالے سے فیصلہ سیاست کے اوپر مبنی تھا،اس کا معیشت اور لوگوں کی غربت سے تعلق نہیں تھا۔ہم پانچ چھ ہزار ارب روپے اپنے قرضوں میں اضافہ نہیں کر سکتے،اور وہ فیصلہ شہباز شریف کو ابھی لینا ہے اگر وہ ٹالیں گے تو ہم اور ڈوبے گے بچیں گے نہیں۔ندیم ملک کا کہنا تھا کہ آرمی چیف اور شہباز شریف کے سامنے سب سے بڑا چیلنج سازشی تھیوری کا ہےکیونکہ آرمی چیف جہاں بھی جائیں گے،جس بھی سیشن میں جائیں گے حتیٰ کہ ان کی اپنی کور کے جوانوں کے ذہن میں بھی سازشی تھیوری کا سوال اٹھتا ہے اور آرمی چیف کو اس کا جواب دینا پڑتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں