عمران خان نے مینارِ پاکستان جلسے سے متعلق بڑ ااعلان کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ جمعرات کو مینار پاکستان میں تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کروں گا، 1940کواس جگہ پر قرارداد پاکستان منظور ہوئی،اب حقیقی آزادی کی جنگ لڑنے کیلئے آئیں،بیرونی سازش کے تحت کرپٹ ترین غلاموں کو ہمارے اوپر مسلط کیا جارہا ہے، خودمختار اور آزاد پاکستان کیلئے جلسے میں شرکت کریں ۔

 

انہوں نے اپنے ویڈیو پیغام میں کہا کہ جمعرات کو مینار پاکستان میں تاریخ کا سب سے بڑا جلسہ کررہا ہوں، کیونکہ اسی جگہ 1940کو قرارداد پاکستان منظور کی گئی تھی، ہندوستان کے مسلمانوں نے فیصلہ کیا تھا کہ ہم ایک آزاد ملک میں رہنا چاہتے ہیں، جس کا نام پاکستان تھا، میں آپ سب کو اسی جگہ پر اپنی حقیقی آزادی کی جنگ لڑنے کیلئے بلا رہا ہوں،کیونکہ ہمارے اوپر ایک بیرونی سازش کے تحت اپنے غلاموں کو جو کہ پاکستان کے کرپٹ ترین لوگ ہیں، ہمارے اوپر ان کو مسلط کیا جارہا ہے، ہمارا ملک لاالہ الااللہ کے نام پر بناجس کا مطلب اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں، ہم اللہ کے سوا کسی کے سامنے نہیں جھکتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ مینارپاکستان جلسے میں ہر شعبہ زندگی سے تعلق رکھنے والے لوگوں کو شرکت کی دعوت دے رہا ہوں، چاہے وہ کسان ہوں، بزنس مین ہوں۔

 

ملازمت پیشہ لوگ ہوں ، کسان ، طلباء ہوں، رکشے والے ہوں، عام لوگ عورتیں، بچے ہوں ، ہر وہ شخص جو پاکستان کو خوددار اور خودمختار اور ایک آزاد پاکستان ہو، ان سب کو دعوت دے رہا ہوں کہ وہ اس جلسے میں شرکت کریں اور جدوجہد کا آغاز کریں۔مزید برآں پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان کی زیرصدارت سیاسی کمیٹی کا اجلاس ہوا، اجلاس میں ملک کی مجموعی سیاسی صورتحال اور آئندہ کے سیاسی لائحہ عمل پر تفصیلی بات چیت کی گئی، 21 اپریل کو مینار پاکستان میں ہونے والے جلسے کی تیاریوں پر بھی تفصیلی بریفنگ دی گئی۔ اجلاس میں فیصلہ کیا گیا کہ عمران خان کل رات کو سماجی میڈیا پر قوم سے براہ راست گفتگو کریں گے،تحریک انصاف کی آفیشل سوشل میڈیا ٹیم کو تیاریوں کی باضابطہ ہدایت کی گئی۔سابق وزیر اعظم عمران خان نے کہا کہ شفاف الیکشن کے ذریعے عوام کو موقع دینے کے سوا کوئی چارہ نہیں،کسی بھی ملک کی جمہوریت اور خودمختاری کا تحفظ عوام کرتے ہیں، سازش سے تبدیلی قبول کی تو کوئی بھی بیرونی دباؤ کا سامنا نہیں کرے گا۔ انہوں نے کہا کہ پوری قوم اپنی آزادی اور خودمختاری کیلئے یکجا اور متحرک ہے، 21اپریل کو مینار پاکستان سے آزادی اور خودمختاری کا اعلان کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں