آئندہ الیکشن میں کسی الیکٹ ایبل کو ٹکٹ نہیں دوں گا، چیف الیکشن کمشنر کا نام کس نے دیا تھا؟ عمران خان کا تہلکہ خیز انکشاف

اسلام آباد (پی این آئی)سابق وزیراعظم عمران خان نے چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ریفرنس لانے کا اعلان کر دیاہے اور کہاہے کہ چیف الیکشن کمشنر سکندر سلطان راجہ کا نام اسٹیبلشمنٹ لے کر آئی تھی ، اسٹیبلشمنٹ 3 تجاویز لائی تھیں ، الیکشن والی تجویز پر اتفاق کیا ، آئندہ الیکشن میں کسی الیکٹ ایبل کو ٹکٹ نہیں دوں گا ۔

 

میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے عمران خان کا کہنا تھا کہ اس وقت چیف الیکشن کمشنر کی تعیناتی اسٹیبلشمنٹ کی مدد سے ہوئی ، اس بارے میں حکومت اور اپوزیشن میں ڈیڈ لاک پیدا ہو گیا تھا اور بات آگے نہیں بڑھ رہی تھی جس پر ڈیڈ لاک کو ختم کرنے کیلئے اسٹیبلشمنٹ نے اپنا کردار اد ا کیا۔ان کا کہناتھا کہ چیف الیکشن کمشنر کے خلاف ریفرنس لانے کا فیصلہ کیا ہے اور جلد ہی سپریم کورٹ سے رجوع کرنے جارہے ہیں۔انہوں نے کہا کہ فوج ایک مضبوط ادارہ ہے میں ایسی کوئی بات نہیں کرنا چاہتا جس سے ہمارے اداروں کو نقصان ہو، دورہ روس سے متعلق بات کر تے ہوئے عمران خان نے کہا کہ جس دن روس کا دورہ کرنا تھا، صبح کے وقت آرمی چیف کو فون کیا اور پوچھا کہ روس کے کچھ علاقوں میں فوج کی موومنٹ ہو رہی ہے تو ہمیں ان حالات میں دورہ کرنا چاہیے یا نہیں ، جس پر آرمی چیف نے رائے دی وہ اپنے طور پر حساب کتاب معلوم کر چکے ہیں، ان کی بھی یہ رائے کہ یہ دورہ ہر حال میں ہونا چاہیے ۔

 

عمران خان نے کہا کہ اگر روس کا دورہ مکمل ہو تا تو ہمیں تیل 30 فیصد سستا ملتا ، گندم سستی ملتی اور معاملات کافی آگے بڑھتے،عالمی سازش ہوئی اور اس میں بیرونی و اندرونی ایسے لوگ ایسے ملوث ہوئے ، حسین حقانی جیسے لوگ بھی اس سارے معاملے میں شامل ہوئے ۔سابق وزیراعظم نے توشہ خانہ پر بات کرتے ہوئے کہا کہ یہ قانون تھا کہ کوئی بھی تحفہ 15 فیصد ادا کر کے رکھا جا سکتا تھا لیکن میں نے اپنی حکومت میں اس قانون کو بدلا اور یہ رقم 50 فیصد کر دی ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں