استعفیٰ دیں اور گھر جائیں، صدر مملکت عارف علوی کو بھی پیغام دیدیا گیا

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان مسلم لیگ ن کی مرکزی نائب صدر مریم نواز نے صدر مملکت ڈاکٹر عارف علوی کے استعفے کا مطالبہ کردیا۔ انہوں نے کہا کہ اگر اپنی آئینی اور ریاستی ذمہ داری ادا نہیں کرسکتے تو استعفی دیں اور گھر جائیں، عوام کے ٹیکس پر پلنے کی ضرورت نہیں ہے۔انہوں نے ٹویٹر پر اپنے بیان میں کہا کہ اگر اپنی آئینی اور ریاستی ذمہ داری ادا کرنے کی جرات نہیں تو استعفی دیں اور گھر جائیں۔

 

عوام کے ٹیکس پر پلنے کی ضرورت نہیں ہے۔ واضح رہے وزیراعظم آفس نے کابینہ کی حلف برداری کیلئے ایوان صدر سے رجوع کیا تو صدر مملکت نے طبعیت ناسازی کی بنا پر حلف کی تقریب میں جانے اور حلف لینے سے معذرت کرلی، جس پر 36 رکنی وفاقی کابینہ سے چیئرمین سینیٹ صادق سنجرانی حلف لیں گے ۔دوسری جانب پیپلزپارٹی کے مرکزی رہنماء سید خورشید شاہ نے کہا کہ وفاقی کابینہ آج ساڑھے 8بجے حلف اٹھائے گی ، آج 36رکنی کابینہ حلف اٹھائے گی، مسلم لیگ ن کے 14، پیپلزپارٹی کے 11وزیر، جے یو آئی ف کے 4 وزراء حلف اٹھائیں گے۔باقی 7وزارتیں اتحادیوں کو دی جائیں گی۔ اسی طرح ترجمان ن لیگ مریم اورنگزیب نے کہا کہ وفاقی کابینہ کے ناموں کو حتمی شکل دے دی گئی ہے، وفاقی کابینہ کے ناموں پر اتفاق مشاورت کے ساتھ کیا گیا ہے۔

 

وفاقی کابینہ کے ناموں کا جلد اعلان کردیا جائے گا۔ مزید برآں مریم نواز نے ٹویٹر پر سابق وزیر اعظم عمران خان کے بیان پر اپنے ردعمل میں کہا کہ تمھارا تحفہ تمھاری مرضی نہیں۔تحفے بھی ریاست کے، مرضی بھی ریاست کی ! اب تمھاری دھونس نہیں چلے گی! آنکھیں کھول لو، تمھاری جعلی حکومت اور تمھارا مستقبل، دونوں ختم ! حساب تو دینا پڑے گا انشاءاللّہ !واضح رہے سابق وزیراعظم عمران خان نے صحافیوں سے غیررسمی گفتگو کے دوران توشہ خان اسکینڈل پر کہا کہ میرا تحفہ میری مرضی۔انہوں نے کہا کہ مجھے ایک صدر نے گھر پر تحفہ بھجوایا، وہ تحفہ توشہ خانہ بھیج کر آدھی قیمت ادا کر کے اپنے پاس رکھا۔عمران خان نے کہا کہ پیسہ بنانا ہوتا تو گھر کو کیمپ آفس ڈکلیئر کر کے کروڑوں روپیہ بناتا لیکن نہیں کیا۔

 

سابق وزیراعظم عمران خان نے توشہ خان اسکینڈل پر کہا کہ ساڑھے تین سال بعد ان کوتوشہ خانہ ملا ہے تو یہ اللہ کا احسان ہے، توشہ خانہ سے جو کچھ لیا وہ ریکارڈ پر ہے۔عمران خان نے کہا کہ توشہ خانہ سے چیزیں 50 فیصد قیمت ادا کر کے خریدیں، ہم نے توشہ خانہ کی چیزوں کی قیمت 15سے بڑھا کر 50 فیصد کی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے خلاف کرپشن یا کوئی سکینڈل نہیں آیا، کوئی ڈیل کی ہے توبتائیں۔انہوں نے خاتون اول کی دوست فرح خان پر کرپشن کے لگنے والے الزامات پر کہا کہ فرح خان کے پاس نہ عہدہ تھا نہ وزارت تو پیسے کیسے لے سکتی تھی۔کسی کے پاس کوئی ثبوت ہے تو سامنے لائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close