اسلام آباد (پی این آئی )متحدہ اتحاد ی جماعتوں کی نئی حکومت میں جے یو آئی (ف )کو بڑا عہدہ سونپ دیا گیا ہے ۔ تفصیلات کے مطابق نئی حکومت میں جے یو آئی (ف )کو قومی اسمبلی میں ڈپٹی اسپیکر کا عہدہ سونپا گیا ہے ۔ دوسری جانب ایم کیو ایم پاکستان نے وفاقی کابینہ میں شامل ہونے کا فیصلہ کر لیا ہے۔باوثوق ذرائع کے مطابق وزیر اعظم شہباز شریف نے ایم کیو ایم کی قیادت سے رابطہ کر کے انہیں کابینہ میں شامل ہونے پر رضامند کر لیا ہے۔
ذرائع کے مطابق مسلم لیگ کے بعض رہنماؤں نے بھی ایم کیو ایم کے رہنماؤں سے ٹیلی فونک رابطہ کیا اور انہیں دعوت دی کہ وہ موجودہ صورت حال میں کابینہ کا حصہ بن کر ملک کو بحران سے نکالنے میں اپنا مثبت کردار ادا کریں۔ذرائع کا کہنا ہے کہ لیگی رہنماؤں نے ایم کیو ایم قیادت کو معاہدے کے تحت تمام نکات پر عمل در آمد کرنے کی بھی یقین دہانی کرائی۔ذرائع کے مطابق ایم کیو ایم کو وفاق میں دو وزارتوں کے علاوہ دو مشیر بھی ان کی جماعت سے ہوں گے
جبکہ سندھ میں گورنر شپ مسلم لیگ ن کو دی جائے گی، اس کے علاوہ سندھ میں ایم کیو ایم کو کم از کم 5 وزارت دینے پر بھی اتفاق ہوا ہے اس سلسلے میں جلد پی پی اور ایم کیو ایم کی اعلیٰ قیادت کے درمیان ملاقات ہوگی جس میں صوبائی کابینہ کے حوالے سے معاملات کو حتمی شکل دی جائے گی۔ذرائع کے مطابق امکان ہے کہ پیر کو ایم کیو ایم کی جانب سے سابق وفاقی وزیر سید امین الحق پہلے مرحلے میں وزیر کا حلف اٹھائیں گے جبکہ دوسرے مرحلے میں سینیٹر سید فیصل سبز واری وفاقی کابینہ کا حصہ بنیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں