عمران خان پر تنقید کرنیوالے صحافیوں کو سنگین دھمکیاں دینے والا شخص گرفتار۔۔۔۔ کون نکلا؟ ہلچل مچ گئی

پشاور(پی این آئی )تحریک انصاف کے چیئرمین اورسابق وزیراعظم عمران خان کی مخالفت کرنے والے صحافیوں کو پھانسی کی دھمکیاں دینے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی جس کے بعد پولیس نے کارروائی کرتے ہوئے فقیرآباد کے رہائشی لوہار کو حراست میں لے لیا ، گزشتہ روز صدر خیبریونین آف جرنلسٹس پشاورناصرحسین کی جانب سے درج ایف آئی آر کے مطابق سوشل میڈیا پر ایک نامعلوم شخص کی ویڈیو وائرل ہوئی ہے جس میں وہ صحافیوں کے خلاف عوام کو اکساکر قتل کرنے کی دھمکیاں دے رہا ہے۔

پولیس نے رپورٹ کے مطابق ملزم کی نشاندہی کرتے ہوئے اتحاد کالونی بنگش پلازہ میں کارروائی کرتے ہوئے مصطفی ولد زمین سکنہ مردان حال اتحاد کالونی کو گرفتارکرلیا ، ملزم سے صحافیوں کوجانی ومالی نقصان کا اندیشہ تھا ،پولیس نے ملزم کے خلاف مختلف دفعات 506,153a اور25ٹیلی ایکٹ کے تحت مقدمہ درج کرکے حوالات میں بند کردیا ہے۔گرفتارملزم مصطفی پیشے کے لحاظ سے لوہاربتایاجاتا ہے جو عمران خان کی مخالفت کرنے والے صحافیوں کے بارے میں کہہ رہا تھا کہ انہیں پھانسی دے دینی چاہیے ۔روزنامہ جنگ کے مطابق علاوہ ازیں خیبر یونین آف جرنلسٹس نے ایک نامعلوم شخص کی طرف سے ویڈیو پیغام کے ذریعے عمران خان کے خلاف بات کرنے والے صحافیوں کوسرعام پھانسی اور انہیں مارنے کی کال پر تشویش کااظہار کیا ہے۔

یونین کے صدر ناصرحسین، سینئر نائب صدر عمران ایاز، نائب صدر بصیر قلندر، جنرل سیکرٹری عمران یوسفزئی، فنانس سیکرٹری شاہ زیب اور ایگزیکٹو کونسل کے ارکان نے کہا ہے کہ تحریک انصاف کو اقتدار میں لانے میں میڈیا کا بڑا اہم کردار ہے اور اب تحریک انصاف کے کارکنوں کو صحافیوں اور میڈیا ورکرز کے خلاف اکسانا قانون کو ہاتھ میں لینے کے مترادف ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں