پشاور (پی این آئی) پشاور میں تحریکِ انصاف کے جلسے میں صحافیوں اور میڈیا ورکرز پر تشدد اور بدتمیزی پر وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف نے معافی مانگ لی۔مقامی اخبار کے مطابق وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا محمود خان کے معاونِ خصوصی برائے اطلاعات بیرسٹر محمد علی سیف پشاورپریس کلب پہنچ گئے، پارٹی کے صوبائی ترجمان ظاہر شاہ طورو بھی ان کے ہمراہ تھے۔
اس موقع پر بیرسٹر سیف نے کہا کہ کارکنوں نے صحافیوں کے ساتھ اچھا سلوک نہیں کیا جس پر معافی مانگتا ہوں، مانتاہوں کہ جلسے میں میڈیا کے لیے مناسب انتظامات نہیں کیے گئے تھے۔معاونِ خصوصی میڈیا وزیرِ اعلیٰ خیبر پختون خوا نے کہا کہ میڈیا پرسنز اور صحافیوں سے اظہارِ ہمدردی و معذرت کے لیے آیا ہوں۔ان کا یہ بھی کہنا ہے کہ وزیرِ اعلیٰ و پی ٹی آئی کی جانب سے بھی معذرت کرتا ہوں، آئندہ میڈیا و خواتین کے تحفظ کے لیے مناسب اقدامات کریں گے۔اس موقع پر سیکریٹری اطلاعات پی ٹی آئی ظاہر شاہ طورو نے کہا کہ میڈیا پرسنز سے معذرت خواہ ہیں، میڈیا کارکنان کے نقصانات کا ازالہ کریں گے۔پشاور پریس کلب کے صدرایم ریاض نے کہا کہ حکومت و پی ٹی آئی قیادت کا جرگہ قبول کرتے ہیں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں