توشہ خانہ کیس میں عمران خان کیخلاف نیب ریفرنس بنے گا؟ وزیراعظم شہباز شریف کا اہم اعلان

اسلام آبا د (پی این آئی) وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا ہے کہ توشہ خانہ کیس میں ہر چیز قانون کے مطابق ہو گی۔آج قومی اسمبلی اجلاس کے لیے پارلیمنٹ ہاؤس آمد کے موقع پر صحافی نے وزیراعظم سے سوال کیا کہ کیا توشہ خانہ کا نیب ریفرنس بنے گا؟ جس کے جواب میں شباز شریف نے کہا کہ ہر چیز قانون کے مطابق ہو گی۔گذشتہ روز وزیرِ اعظم شہباز شریف نے کہا تھا کہ میں کنفرم کر سکتا ہوں سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے توشہ خانے سے تحائف لے کر بیرونِ ملک بیچے۔

 

اس بات کا انکشاف گزشتہ روز وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف نے وزیرِ اعظم ہائوس میں سینئر صحافیوں سے ملاقات کے دوران کیا۔انہوں نے بتایا کہ سابق وزیرِ اعظم عمران خان نے یہ تحائف 14 کروڑ روپے میں دبئی میں بیچے۔وزیرِ اعظم شہباز شریف نے بتایا کہ ان قیمتی تحائف میں ڈائمنڈ جیولری، بریسلیٹ، گھڑیاں اور سیٹ شامل ہیں۔انہوںنے کہاکہ مجھے بھی ایک بار گھڑی ملی تھی جسے میں نے توشہ خانے میں جمع کرا دیا تھا، مجھے کچھ چھپانے کی ضرورت نہیں۔پاکستان تحریک انصاف کے رہنما اور سابق وزیر اطلاعات فواد چوہدری نے وزیراعظم شہباز شریف کے عمران خان پر الزامات کے ردعمل میں کہا کہ شہباز شریف کو سمجھ ہی نہیں آ رہی کہ عمران خان پر کیسے الزامات لگائے جائیں۔ فواد چوہدری نے وزیراعظم شہباز شریف کے عمران خان پر الزامات پر ردعمل دیتے ہوئے کہا کہ کسی دوسرے ملک نے گھڑی تحفے میں دی وہ اس وقت کے وزیراعظم نے حکومت سے خریدلی، عمران خان نے حکومت سے خریدی گئی گھڑی باہر جا کر بیچ دی تو اس میں کیا جرم ہی ان کا کہنا تھا کہ سمجھ نہیں آیا کہ شہباز شریف کا الزام ہے کیا شہباز شریف کنفیوژہیں ان کو سمجھ نہیں آ رہا کہ عمران خان پر کیسے الزامات لگائیں۔

 

سابق وزیر اطلاعات کا کہنا تھا کہ گھڑی 5 کروڑ کی ہو یا 10کروڑ کی، اگر میری ہے اور میں نے بیچ دی تو اس پر کوئی اعتراض نہیں بنتا۔ انہوں نے کہا کہ شہباز شریف کبھی گھڑی تو کبھی کوئی کریکٹر لے آتے ہیں، شہباز شریف عمران خان پر کیچڑ اچھالنے کی کوشش کر رہے ہیں، شہباز شریف سطحی گفتگو سے پرہیز کریں اور ملکی مسائل پر توجہ دیں۔رہنما تحریک انصاف کا کہنا تھا کہ شہباز شریف حکومت میں آئے پہلے دن چینی کی قیمت میں 10 روپے اضافہ کیا گیا، گھی کی قیمت میں بھی اضافہ کر دیا ہے، حکومت تیل کی قیمتوں میں ہوشربا اضافہ کرنے جارہی ہے، پی ٹی آئی حکومت کی جانب سے عوام کو دیا گیا ریلیف واپس نہ لیا جائے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں