اسلام آباد (پی این آئی) وفاقی دارالحکومت اسلام آباد کے راول ڈیم چوک پر زیر تعمیر فلائی اوور کا وزیراعظم شہباز شریف نے دورہ کیا اور دو سال گزرنے کے باوجود منصوبہ مکمل نہ ہونے پر شدید برہمی کا اظہار کیا۔ فلائی اوور کے تعمیراتی کام کا جائزہ لینے کے لیے راول چوک کے دورے کے موقع پر وزیرِ اعظم میاں محمد شہباز شریف نے قالین بچھانے پر انتظامیہ پر اظہارِ برہمی کیا ہے۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف کے دورے کے دوران ٹریفک کو نہ روکا گیا۔
اس موقع پر وزیرِ اعظم شہباز شریف نے قالین بچھانے پر اظہارِ برہمی کرتے ہوئے کہا کہ آئندہ ایسے غیر ضروری اخراجات پر ملک و قوم کا پیسہ نہ ضائع کیا جائے۔ وزیرِ اعظم شہبازشریف کو راول چوک فلائی اوور کے دورے کے دوران جاری ترقیاتی کام پر بریفنگ دی گئی کہ منصوبے کا آغاز اکتوبر 2020ء میں ہوا تھا۔ وزیرِ اعظم شہباز شریف نے منصوبے کی تکمیل میں تاخیر پر کہا کہ کمپنی کی نااہلی کی وجہ سے منصوبے پر کام مکمل نہ ہو سکا، کمپنی کو نااہلی کی وجہ سے بلیک لسٹ کیوں نہیں کیا گیا؟
ماضی میں ایسے منصوبے 6 ماہ میں مکمل ہوئے، میں کئی ماہ سے یہاں سے گزر رہا ہوں، کام بند پڑا تھا۔ اس موقع پر وزیرِ اعظم کو بتایا گیا کہ 2 ماہ سے منصوبے پر کام بند پڑا ہے، وزیراعظم نے متعلقہ کمپنی کے خلاف تھرڈ پارٹی انکوائری کا حکم جاری کر دیا اور کہا کہ ستمبر تک کام مکمل کریں ورنہ خدا حافظ۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں