قومی اسمبلی کا اجلاس آج طلب، ڈپٹی اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد پر ووٹنگ ہوگی

اسلام آباد(آئی این پی)قومی اسمبلی کے سیکرٹریٹ کی جانب سے اجلاس کا ایجنڈا جاری کردیا گیا، جس کے تحت آج ہفتہ کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر کے خلاف جمع کرائی گئی تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہوگی۔قومی اسمبلی کے ایجنڈے کے مطابق قومی اسمبلی کا اجلاس پہلے سے اعلان کردہ وقت کے مطابق 16 اپریل کو دن 12 بجے ہو گا، جس کی صدارت پینل آف چئیرپرسن کریں گے اور اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد پر ووٹنگ ہو گی۔

اجلاس کے دوران نئے اسپیکر کا بھی انتخاب ہوگا تاہم اسپیکر قومی اسمبلی کے عہدے کے لیے صرف پاکستان پیپلزپارٹی (پی پی پی)کے راجا پرویز اشرف نے کاغذات نامزدگی جمع کرائے اور یوں وہ بلا مقابلہ منتخب ہوئے۔ راجا پرویز اشرف آج بطور اسپیکر قومی اسمبلی اپنے عہدے کا حلف اٹھائیں گے۔ایجنڈے کے مطابق 159 اراکین قومی اسمبلی ڈپٹی اسپیکر قاسم سوری کے خلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کریں گے، تحریک منظور ہونے کی صورت میں قرارداد پیش کی جائے گی کہ قاسم سوری کو ان کے عہدے سے ہٹایا جائے۔قومی اسمبلی کے ڈپٹی اسپیکر کے خلاف عدم اعتماد کی قرارداد پر خفیہ ووٹنگ ہو گی، قرارداد کے حق میں 172 یا زائد ووٹ آنے کی صورت میں ڈپٹی اسپیکر اپنے عہدے سے برطرف ہوجائیں گے۔قومی اسمبلی کے اجلاس کے ایجنڈے میں اسپیکر قومی اسمبلی کا الیکشن اور حلف بھی شامل ہے۔۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close