اسلام آباد (پی این آئی) انتخابی اتحاد کے حوالے سے مسلم لیگ ن نے پیپلز پارٹی کی شرط مان لی ، شرط مانے جانے پر پیپلزپارٹی نے وفاقی کابینہ میں شمولیت کا عندیہ دے دیا ۔ سینئر صحافی نعیم اشرف بٹ نے رپورٹ کیا ہے کہ دونوں جماعتوں کے درمیان 15 کی بجائے پنجاب کی 7 سے 8 سیٹوں پر ایڈجسٹمنٹ ہوگی ، کراچی کی 1 نشست سمیت سندھ کی چند سیٹوں پر پیپلزپارٹی بھی ن کی حمایت کرے گی۔
ن لیگ کی جانب سے پی پی پی کی شرط مانے جانے کے بعد پیپلزپارٹی نے وفاقی کابینہ میں شمولیت کا عندیہ دے دیا ہے ، صدر پاکستان ، اسپیکر قومی اسمبلی اور سینیٹ چیئرمین کاعہدہ اتفاق رائے سے پاکستان پیپلز پارٹی کو دیا جائے گا۔خیال رہے کہ پاکستان پیپلزپارٹی نے صدر، اسپیکر اور چیئرمین سینیٹ کے عہدے میں دلچسپی ظاہر کی تھی جب کہ مسلم لیگ ن کی طرف سے پی پی پی کو وزارتیں لینے پر آمادہ کیا جارہا تھا ، پیپلزپارٹی کے رہنماؤں کی اکثریت نے وزارتوں کو الیکٹورل الائنس سے مشروط کرنے کی رائے دیتے ہوئے کہا تھا کہ کم از کم 15 نشستوں پر انتخابی الائنس ہو تو پھر وزارتیں لی جائے تاہم پاکستان پیپلزپارٹی چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزارتوں اورانتخابی الائنس دونوں کی مخالفت کی تھی۔ادھر نئی حکومت کی وفاقی کابینہ کی تشکیل کے معاملے پر وزیر اعظم شہباز شریف نے پی ڈی ایم جماعتوں کے سربراہان کو آج افطار پر بلا لیا ۔
بتایا گیا ہے کہ وزیر اعظم کی جانب سے افطار ڈنر کا اہتمام وزیرا عظم ہاوس میں کیا جائے گا جہاں وزیر اعظم شہباز شریف پی ڈی ایم جماعتوں کے سربراہان کا ان کی حمایت پر شکریہ ادا کریں گے اور نئی کابینہ سے متعلق اتحادیوں سے مشاورت کےبعد حتمی شکل دی جائے گی، وفاقی کابینہ کے ناموں کا اعلان آج رات تک متوقع ہے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں