اسلام آباد (پی این آئی) تنخواہوں میں اضافے کا اعلان واپس لینے پر حکومتی ردِعمل آ گیا ، مسلم لیگ (ن) کے رہنما اور سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل کا کہنا ہے کہ وزیراعظم شہباز شریف کی جانب سے عوام کو ریلیف دینے کے لیے پینشن اور تنخواہوں میں اضافے کے اعلان کو واپس لینا یوٹرن نہیں ہے۔
انہوں نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ یہ کوئی یو ٹرن نہیں ہے،چونکہ وفاقی حکومت کے ملازمین کی تنخواہیں چند ماہ قبل ہی بڑھائی گئی تھیں اس لیے ہم انہیں دوبارہ نہیں بڑھا رہے ہیں۔مفتاح اسماعیل نے کہا کہ فیڈرل حکومت کے ملازمین کی تنخواہوں کے مسائل پر اگلے بجٹ میں غور کیا جائے گا جب کہ ہم نے ریٹائرڈ سرکاری ملازمین کی پنشن میں اضافہ کیا ہے۔مجھے امید ہے کہ میرے اس بیان سے ہی الجھنیں واضح ہو جائیں گی۔قبل ازیں سابق وزیر خزانہ مفتاح اسماعیل نے کہا ہے کہ پٹرول کی قیمت بڑھانے یا نہ بڑھانے سے متعلق ابھی طے نہیں ہوا۔مسلم لیگ(ن)کے دیگر رہنمائوں کے ہمراہ میڈیا سے بات چیت میں انہوں نے کہا کہ یہ ابھی طے نہیں ہوا کہ پٹرول کی قیمت بڑھے گی یا نہیں، اوگرا کی سمری آئے گی تو دیکھیں گے۔ مفتاح اسماعیل نے کہاکہ سابق حکومت نے پٹرول کی قیمت نہیں بڑھائی جس کی وجہ سے خسارہ ہوا۔
انہوں نے کہا کہ ن لیگ کی اتحادی حکومت آئی ایم ایف کے پروگرام کو جاری رکھے گی۔ انہوں نے بتایا کہ کم از کم تنخواہ 25 ہزار کے حوالے سے اگلے دو تین دن میں قانون سازی کریں گے۔انہوں نے کہاکہ پنشن کی مدد میں 13 ارب روپے اضافی دینے پڑیں گے، آئی ایم ایف سے ملوں گا، ابھی نہیں ملا، میرا نام اس وقت ای سی ایل پر ہے۔انہوں نے کہا کہ پچھلی حکومت کے بین الاقوامی مالیاتی اداروں کے ساتھ وعدوں پر قائم رہیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں