اسلام آباد(آئی این پی )سابق وزیراعظم و پاکستان تحریک انصاف کے چیئرمین عمران خان نے کہا ہے کہ اتحادی حکومت میں بلیک میل ہوتے رہے لہذا آئندہ اتحادیوں کو ساتھ ملا کر حکومت نہیں بنائیں گے۔تحریک انصاف کی سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں ملکی سیاسی صورتحال پر گفتگو ہوئی اور عوامی رابطہ مہم اور جلسے کرنے کا فیصلہ کیا گیا۔اس موقع عمران خان کا کہنا تھاکہ اسمبلی سے استعفے دے دیے، اب پارلیمنٹ نہیں جائیں گے۔ انہوں نے کہا کہ تحریک انصاف اب عوامی سطح پر نئے انتخاب کا دبائو ڈالے گی،
تحریک انصاف کی مقبولیت سے تمام جماعتیں خوفزدہ ہیں، دوبارہ پارلیمنٹ میں دو تہائی اکثریت لے کر جائیں گے۔عمران خان کا کہنا تھاکہ اتحادی حکومت میں بلیک میل ہوتے رہے، آئندہ اتحادیوں کو ساتھ ملا کر حکومت نہیں بنائیں گے، بیساکھیوں کے سہارے حکومت ملی، کھل کر کام کرنے کا موقع نہیں ملا۔ان کا کہنا تھاکہ اب پارٹی سے وفاداروں کو ہی ٹکٹ دے کر کامیاب بنائیں گے، دوبارہ اقتدار میں آ کر ہارس ٹریڈنگ کا ہمیشہ کیلئے راستہ بند کروں گا، اقتدار جانے کا دکھ نہیں اپنے ہی افراد کے دھوکہ دینے سے دکھ ہوا، پہلے سے زیادہ مضبوط ہو کر ایوان میں آ کر بیٹھیں گے۔خیال رہے کہ عمران خان نے وزرات عظمی سے ہاتھ دھونے کے بعد قومی اسمبلی کی نشست سے بھی استعفیٰ دے دیا ہے۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں