اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی) کے رہنما علی محمد خان نے استعفوں کی مخالفت کردی۔ ان کا کہنا ہے کہ ان کی رائے میں اسمبلی سے مستعفی نہ ہوا جائے کیونکہ اس سے اپوزیشن کو کھلی چھوٹ مل جائے گی۔نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگوکرتے ہوئے علی محمد خان کا کہنا تھا کہ میری ذاتی رائے ہے کہ اسمبلی سے مستعفی نہ ہوا جائے کیونکہ اس وقت استعفے دینا اپوزیشن کو کھلی چھوٹ دینے کے مترادف ہے۔
ان کا کہنا تھا کہ میں کل ایک سپاہی کے طور پر اپنے مورچے میں کھڑا رہا۔گالم گلوچ دونوں طرف سے ہوتی ہے۔غصہ آنا قدرتی عمل ہے لیکن غصے کو پی جانا بہادری ہے۔یہ جو بغض عمران میں اکٹھا ہوئے ہیں ابھی کچھ دنوں بعد ایک دوسرے کے ساتھ گتھم گتھا ہوں گے۔علی محمد خان کا کہنا تھا کہ امریکہ کو یہ حق کیسے حاصل ہے کہ وہ ہمارے اندرونی معاملات میں مداخلت کرے،حکومت کو تبدیل کرنے کی کوشش کرے؟ آئندہ کا لائحہ عمل بتاتے ہوئے ان کا کہنا تھا کہ ہم نے اپنا کیس عوام کےسامنے رکھ دیا ہے۔اب فیصلہ عوام کریں گے، جتنا جلد ہم عوام کے پاس جائیں گے اتنا جلد یہ معاملہ حل ہو گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں