شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور ہوتے ہی ایف آئی اے کو کیا حکم جاری کیا گیا؟ فواد چوہدری کا تہلکہ خیز دعویٰ

اسلام آباد(پی این آئی)سابق وفاقی وزیر اطلاعات اور پاکستان تحریک انصاف کے رہنما فواد چوہدری نے دعویٰ کیا ہے کہ فیڈرل انویسٹی گیشن ایجنسی (ایف آئی اے) کے وکلا کی ٹیم شہباز شریف کے خلاف فرد جرم کے موقع پر عدالت میں پیش نہیں ہوگی۔فواد چوہدری نے اپنے ایک ٹویٹ میں کہا “شہباز شریف کے کاغذات نامزدگی منظور ہونے کے بعد ایف آئی اے سے پہلا آرڈر یہ ہوا ہے کہ کل وکلاء کی ٹیم شہباز شریف کے مقدمے میں فرد جرم کیلئے پیش نہیں ہو گی۔

ویلکم ٹو پرانا پاکستان”۔ایک اور ٹویٹ میں فواد چوہدری نے کہا کہ پراسیکیوشن ہیڈ کو ہدایت دی گئی ہے کہ کل کسی صورت پیش نہیں ہونا، کل شہباز شریف کے خلاف فرد جرم کی کارروائی ملتوی کی جائے گی۔خیال رہے کہ شہباز شریف متحدہ اپوزیشن کی جانب سے وزارت عظمیٰ کے امیدوار ہیں۔ عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد کل قومی اسمبلی میں نئے قائدِ ایوان کا انتخاب کیا جائے گا اور امکان یہی ہے کہ شہباز شریف 174 ووٹ لے کر وزیر اعظم منتخب ہوجائیں گے۔ یہاں یہ بھی یاد رہے کہ کل ہی شہباز شریف پر منی لانڈرنگ کے مقدمے میں فردِ جرم عائد کی جانی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں