ملک کے لیے اپنی تمام تر صلاحیت اور لگن سے کام کیا، اب اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہوتا ہوں، ایک اور بڑا استعفیٰ آگیا

اسلام آباد(پی این آئی)اٹارنی جنرل پاکستان خالد جاوید خان اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہو گئے۔رپورٹس کے مطابق اٹارنی جنرل خالد جاوید خان نے اپنا استعفیٰ صدر مملکت کو ارسال کر دیا جس میں انہوں نے کہا کہ فروری 2020 سے اب تک اٹارنی جنرل کے طور پر خدمات سر انجام دیں جس کے لیے عمران خان کا شکر گزار ہوں۔استعفیٰ میں مزید کہا گیا ہے کہ ملک کے لیے اپنی تمام تر صلاحیت اور لگن سے کام کیا، اب اپنے عہدے سے مستعفیٰ ہوتا ہوں۔

 

یاد رہے کہ گزشتہ دنوں قومی اسمبلی کے اجلاس کے دوران پیدا ہونے والی صورت حال کے بعد دو ڈپٹی اٹارنی جنرلز نے حکومت کے ساتھ مزید کام کرنے سے معذرت کرتے ہوئے عہدوں سے مستعفی ہو گئے تھے۔واضح رہے کہ قومی اسمبلی میں وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہوگئی جس کے بعد وہ ملک کے وزیراعظم نہیں رہے اور ساتھ ہی عدم اعتماد کے ذریعے ہٹائے جانے والے ملک کے پہلے وزیراعظم بن گئے۔قومی اسمبلی میں نئے قائد ایوان کے عہدے کے لیےکاغذات نامزدگی طلب کرلیے گئے۔ذرائِع قومی اسمبلی سیکرٹریٹ کے مطابق نئے قائد ایوان کے عہدے کے لیےکاغذات نامزدگی آج دن 12 بجے تک سیکرٹری قومی اسمبلی آفس میں جمع ہوں گے۔ذرائع کا کہنا ہےکہ نئے وزیراعظم کا انتخاب کل (پیر)کو ہوگا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں