اسلام آباد (پی این آئی) متحدہ قومی موومنٹ پاکستان (ایم کیو ایم) کے سربراہ ڈاکٹر خالد مقبول صدیقی کا کہنا ہے کہ آج جو تبدیلی آئی ہے وہ صرف چہروں کی تبدیلی نہیں ہونی چاہیے بلکہ عام پاکستانیوں کے مقدر کی تبدیلی ہونی چاہیے۔عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کی کامیابی کے بعد قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے خالد مقبول صدیقی نے کہا کہ وہ سیاسی قائدین ، منتخب نمائندوں اور سیاسی کارکنوں کو مبارک باد پیش کرتے ہیں، یہ لمحہ صرف صورتِ جشن کا نہیں بلکہ مقامِ شکر کا ہے،
یہ لمحہ انعام سے زیادہ امتحان ہے، دعا کریں کہ یہ صرف چہروں کی تبدیلی نہ ہو بلکہ عام پاکستانیوں کے مقدر کی تبدیلی ہو۔انہوں نے کہا کہ عدم اعتماد کی اس کامیابی سے جمہوریت کو جو اعتماد ملا ہے وہ اس ایوان کی ذمہ داری ہے کہ قوم کو اعتماد دے،ہماری آج کی موجودگی پاکستان کے عوام کی زندگیوں میں بہتری لائے گی، وہ اس موقع پر جمہوریت کو سلام پیش کرتے ہیں۔ ہمیں نیا یا پرانا پاکستان نہیں بلکہ بہتر پاکستان چاہیے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں