اسلام آباد (پی این آئی) نامزد وزیر اعظم اور مسلم لیگ ن کے صدر شہباز شریف کا کہنا ہے کہ ہم ماضی کی تلخیوں کو بھلا کر پاکستان کو عظیم ملک بنانا چاہتے ہیں، مل کر مشاورت سے اس ملک کو چلائیں گے اور اس ملک کو قائد اعظم کا پاکستان بنائیں گے۔وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے کے بعد قومی اسمبلی سے خطاب کرتے ہوئے شہباز شریف نے کہا کہ اپوزیشن جماعتوں کا یہ اتحاد پاکستان کو دوبارہ تعمیر کرے گا، وہ اپنے قائد میاں نواز شریف کو خراج تحسین پیش کرتے ہیں، تمام ساتھیوں نے جیلیں کاٹی ہیں،
تاریخ میں پہلا موقع ہے کہ ہماری بہنوں ، بیٹیوں نے بھی جیلیں کاٹیں۔انہوں نے کہا کہ ہم اس قوم کے زخموں پر مرہم رکھنا چاہتے ہیں، ہم کسی سے نہ بدلہ لیں گے اور نہ ہی کسی کو بے قصور جیلوں میں بھجوائیں گے لیکن قانون اور انصاف اپنا راستہ لیں گے، کوئی اس میں مداخلت نہیں کرے گا اور انصاف کا بول بالا ہوگا، مل کر مشاورت سے اس ملک کو چلائیں گے اور اس ملک کو قائد اعظم کا پاکستان بنائیں گے۔
انہوں نے اپنی تقریر کا اختتام ان اشعار کے ساتھ کیا:
جب اپنا قافلہ عزم و یقیں سے نکلے گا
جہاں سے چاہیں گے رستہ وہیں سے نکلے گا
وطن کی مٹی مجھے ایڑیاں رگڑنے دے
مجھے یقیں ہے چشمہ یہیں سے نکلے گا
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں