عمران خان تسلیم کریں کہ وہ اکثریت کھو چکے ہیں اور اپوزیشن میں بیٹھیں، علیم خان کا مطالبہ

لاہور (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے منحرف رہنما عبدالعلیم خان کا کہنا ہے کہ عمران خان تسلیم کریں کہ وہ اکثریت کھو چکے ہیں اور اپوزیشن میں بیٹھیں، اب حقیقی تبدیلی آئے گی۔مقامی ہوٹل میں صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے علیم خان نے کہا کہ وہ اپنے ساتھیوں سے اظہار یکجہتی کیلئے موجود ہیں، پنجاب میں بھی پی ٹی آئی راہِ فرار اختیار کرچکی ہے، ہم ڈٹے ہوئے ہیں اور پیچھے نہیں ہٹیں گے۔

 

 

اب حقیقی تبدیلی آئے گی، وفاق ہو یا پنجاب، اکثریت کو جمہوری تقاضوں کے مطابق حق ملنا چاہیے، آئین کی دھجیاں اڑائی جا رہی ہیں جو جمہوریت کیلئے نیک شگون نہیں ہے، جمہوریت اور آئین کا مذاق نہ اڑائیں اور الیکشن ہونے دیں، اگر آپ کے پاس اکثریت ہے تو اسمبلی میں آئیں اور اسے ثابت کریں۔انہوں نے کہا کہ اکثریت کھونے والے اپوزیشن میں بیٹھیں ، اس میں کوئی حرج نہیں ہے، عمران خان بھی وفاق میں یہ تسلیم کریں کہ ان کے پاس اکثریت نہیں ہے، جو کچھ ہو رہا ہے یہ بدقسمتی ہے، ایسا نہیں ہونا چاہیے تھا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں