نظریاتی لوگوں کو ٹکٹ نہ دینے پر سزا بھگتنا پڑی، وزیر اعظم عمران خان نے غلطی تسلیم کر لی

لاہور (آئی این پی)وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ نظریاتی لوگوں کو ٹکٹ نہ دینے پر سزا بھگتنا پڑی ، ضمیر فروشوں کوتاحیات نااہل کرائیں گے، لاہور میں ان غداروں کیخلاف ہر روز احتجاج ہونا چاہیے، چاہتے ہیں ہر روز احتجاج سے امریکا کو پیغام جائے ہم زندہ قوم ہیں۔گورنر ہائوس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم نے کہا کہ آپ سب کو الیکشن کی تیاری کرنی ہے، اگلے تین ماہ میں پاکستان میں الیکشن ہو گا۔

ہمارے سے ماضی میں غلطیاں ہوئیں، اس کی ہمیں بہت بڑی سزااٹھانا پڑی، اس بار سوچ سمجھ کر نظریاتی لوگوں کو ٹکٹ دیں گے، ہم نے بڑے سوچ سمجھ کر ٹکٹیں دینے ہیں۔ جو مشکل وقت ہمارے ساتھ رہے انہیں ٹکٹ دیں گے۔ پاکستان میں بہت بڑی بیرونی سازش ہوئی، ملک کے غدار ان کے ساتھ مل گئے، باہر سے حکومت گرانے کی سازش ہوئی، زیادہ تر لوگوں کو جنہوں نے ان کا ساتھ دیا ان کو علم نہیں تھا سازش تھا۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن میں ان لوگوں کو سبق سکھائیں گے، جو بیرونی سازش کا حصہ تھے۔ عوام بیرونی سازش کیخلاف روز مظاہرہ کریں گے، جنہوں نے بیرونی سازش میں شرکت کی وہ سب غدار ہیں، غداروں کے خلاف سپریم کورٹ میں گئے ہیں، لوگوں کو خرید کرحکومت گرانا کونسی جمہوریت ہے، ضمیرفروشوں کے خلاف عدالت میں جائیں گے، ضمیر فروشوں کوتاحیات نااہل کرائیں گے۔ یہ کب تک جمہوریت کا سودا کرتے رہیں گے۔عمران خان نے کہاکہ ضمیرخرید کو ارکان کو ہوٹل میں بند کیا ہوا ہے۔ جن کا پیسا باہر پڑا ہے وہ غلامی کریں گے، ہم نہیں۔ یہ صرف الیکشن نہیں ہاریں گے بلکہ ان کی سیاسی قبریں بھی بنیں گی۔ جو بیرونی سازش کا حصہ بنیں عوام ان کو سبق سکھائیں گے۔

آج غداری کے خلاف کھڑے نہیں ہوں گے ہماری نسلیں ہمیں معاف نہیں کریں گی۔ پرامن احتجاج کرنا قوم کا فرض ہے۔وزیراعظم کا کہنا تھا کہ پاکستان کا فیصلہ کن وقت ہے، پرامن احتجاج سے پیغام جائیگا یہ زندہ قوم ہے، کل اسلام آباد میں زبردست احتجاج ہوا، آج پھر ایف نائن میں احتجاج ہوگا، قوم پرامن احتجاج سے اس سازش کو ناکام بنائیں۔ لاہور میں ان غداروں کیخلاف ہر روز احتجاج ہونا چاہیے، چاہتے ہیں کہ ہر روز احتجاج سے امریکا کو پیغام جائے کہ یہ زندہ قوم ہے۔۔۔۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close