لاہور (پی این آئی) مسلم لیگ ن کی نائب صدر مریم نواز کا کہنا ہے کہ عمران خان کی حکومت کے اتنے بڑے کرپشن سکینڈلز ہیں کہ یہ ایک دن بھی حکومت سے باہر رہنا افورڈ نہیں کرسکتے، یہ گرفتاری کے ڈر سے بھاگ گیا اور اسمبلی توڑ دی، عمران خان نے بے شرمی کے ساتھ آئین کو توڑا، مسلم لیگ ن الیکشن میں ضرور جائے گی لیکن پہلے آئین توڑنے والے کا فیصلہ ہوگا، الیکشن میں عمران خان جیسے غدار کو تاریخی شکست دیں گے۔
نیوز کانفرنس سے خطاب کرتے ہوئے مریم نواز نے کہا آپ یہ سمجھتے ہیں کہ بدترین کارکردگی کے بعد آپ چپ کرکے خط دکھا کر نیچے سے نکل جائیں گے؟آپ سمجھتے ہیں کہ جو بیانیہ آپ نے دیا ہے تو کیا عوام مہنگائی کو بھول جائیں گے؟ہر روز جب عوام مہنگائی کا سامنا کریں گے تو آپ کو بد دعائیں دیں گے، آپ نے چند دن اقتدار میں رہنے کیلئے پاکستان کے آئین کو توڑ دیا، تحریک عدم اعتماد سے بھی انہوں نے گھر جانا تھا اور اسمبلی توڑنے سے بھی جانا تھا لیکن یہ اسمبلی توڑنے کی طرف کیوں گئے؟ کیونکہ انہیں پتا تھا کہ اگر اپوزیشن کی کوئی جماعت ایک مہینے کیلئے بھی آگئی تو انہیں نہیں چھوڑے گی، ان کے خلاف کرپشن کے اتنے بڑے بڑے سکینڈلز ہیں کہ یہ افورڈ ہی نہیں کرسکتے کہ ایک دن بھی حکومت سے باہر رہیں، چار ڈکٹیٹرز نے بھی آئین کو اس طرح نہیں توڑا جس بے شرمی کے ساتھ عمران خان نے آئین کو توڑا۔
انہوں نے کہا کہ بکرے کی ماں کب تک خیر منائے گی؟آئین توڑ کر آئین کا حوالہ دیتے ہو؟آج سپریم کورٹ میں درخواست گزار کوئی سیاسی جماعت نہیں بلکہ پاکستان کا آئین ہے جس پر عمران خان نے اپنی چند دن کی حکومت بچانے کیلئے خود کش حملہ کیا، آپ آرٹیکل فائیو اور ڈپٹی سپیکر کی رولنگ کی بات کرتے ہیں، وہ رولنگ کہہ رہی تھی کہ میں آئین کو نہیں مانتا، سپیکر آئین کے تابع ہوتا ہے، آئین سپیکر کے تابع نہیں ہوتا، اگرسپیکر کوئی غیر آئینی حکم دے تو اس کو پارلیمنٹ کی کارروائی کہہ کر نہیں چھپ سکتے ، آئین میں آرٹیکل 6 کے تحت اس کی سزا واضح ہے، یا تو پورا پاکستان غدار ہے یا پھر عمران خان غدار ہے، آئین میں غداری کی سزا آرٹیکل 6 ہے۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ یہاں پاکستان کا آئین ٹوٹا ہے، عدلیہ اور تمام ادارے آئین سے جنم لیتے ہیں، آئین کی حفاظت ہم سب کی ذمہ داری ہے، اگر پاکستان کی تاریخ میں یہ مثال قائم کردی گئی اور عمران خان کو سزا نہیں دی گئی تو کل کو کوئی بھی آئین کو روند سکتا ہے اور اس کو کوئی پوچھنے والا نہیں ہوگا۔
اسد قیصر اور قاسم سوری بھی قصور وار ہیں لیکن سب سے بڑا مجرم عمران خان ہے جس نے وہ پرچی قاسم سوری کو دی اور اس کے ذریعے اس نے آئین پاکستان پر حملہ کیا۔ کیا سپیکر اپنی رولنگ سے آئین کی دھجیاں بکھیر سکتا ہے؟ یہ معاملہ اسمبلی توڑنے کا نہیں پاکستان کا آئین توڑنے کا ہے، صدرِ مملکت کو اسمبلی نہیں پاکستان کا آئین توڑنے کی سفارش بھیجی گئی۔انہوں نے کہا کہ کسی دن یہ احتجاج کر رہے ہوتے ہیں اور کسی دن یہ جشن منا رہے ہوتے ہیں، عمران خان عبرت کا نشان ہے، اگلے الیکشن میں آپ بطور غدار اور آئین توڑنے والے کا چہرہ لے کر جائیں گے، اگر آپ کو سزا نہ ملی تو پاکستان کے عوام آپ کو سزا دیں گے، آپ نے اپنے ماتھے پر ایک لیبل لگوایا ہے ۔ مریم نواز کا کہنا تھا کہ عمران خان گرفتاری کے ڈر سے بھاگ گیا اور اسمبلی توڑ دی، یہ وکٹ اٹھا کر نہیں بھاگا بلکہ میچ چھوڑ کر دم دبا کر بھاگا ہے، حکومت ختم ہونے کے باوجود ڈھٹائی سے وزارت عظمیٰ کی کرسی پر براجمان ہیں، اب تو میڈیا نے بھی آپ کو دکھانا چھوڑ دیا ہے۔
آپ کو یہ حق کس نے دیا ہے کہ آپ پی ٹی وی کو استعمال کریں اور عوام کے ٹیکس کے پیسے سے وسائل استعمال کریں ، آپ کو ایک ایک پائی کا جواب دینا پڑے گا۔جب یہ میدان میں سرکاری سیکیورٹی کے بغیر اترے گا تو پتا چلے گا کہ کس طرح عوام انڈوں اور ٹماٹروں سے اس کا استقبال کریں گے۔ انہوں نے واضح کیا کہ مسلم لیگ ن واحد پارٹی ہے جس کے ووٹ بینک میں اضافہ ہوا ہے، ہم الیکشن میں ضرور جائیں گے لیکن پہلے آئین توڑنے والے کا فیصلہ ہوگا، الیکشن میں عمران خان جیسے غدار کو تاریخی شکست دیں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں