لاہور (پی این آئی ) مسلم لیگ ن کی رہنما حنا پرویز بٹ نے اسمبلی رکنیت معطلی کی خبروں پر ردِعمل دے دیا۔حنا پرویز بٹ نے سماجی رابطے کی ویب سائٹ ٹویٹر پر ٹویٹ کرتے ہوئے کہا کہ میں میڈیا پر چلنے والی جھوٹی خبر کی سختی سے تردید کرتی ہوں۔ مجھ سمیت ن لیگ کے کسی رکن نے اسمبلی میں توڑ پھوڑ نہیں کی۔ یہ ڈرامہ شکست سے خوفزدہ لوگوں نے رچایا ہے۔
انہوں نے مزید کہا کہ جھوٹے الزام لگانے سے بہتر ہے کہ ایوان اور لابی کے کیمروں کی ویڈیو سامنے لائی جائے تا کہ سچ عوام کے سامنے آ سکے۔خیال رہے کہ پنجاب اسمبلی میں توڑ پھوڑ کرنے کی وجہ سے اپوزیشن کے 15 سے 20 اراکین کی رکنیت معطل کرنے پر غور شروع کردیا گیا ۔ میڈیا رپورٹس میں ذرائع کے حوالے سے معلوم ہوا ہے کہ پنجاب اسمبلی میں ہنگامہ ارائی سے متعلق اسپیکر کی جانب سے قائم کی گئی انکوائری کمیٹی آج اپنی رپورٹ پیش کرے گی ، اپوزیشن اراکین کی رکنیت انکوائری کمیٹی کی رپورٹ پر معطل کی جائے گئی کیوں کہ انکوائری کمیٹی میں توڑ پھوڑ کرنے والوں کی نشاندہی بھی کی جائے گی اور اسپیکر پنجاب اسمبلی کی جانب سے ذمہ داران کے خلاف کارروائی کرنے کا کہا گیا تھا۔خیال رہے کہ 3 اپریل کو پنجاب اسمبلی کا اجلاس ہنگامہ آرائی کے بعد 6 اپریل تک ملتوی کر دیا گیا تھا کیوں کہ نئے وزیراعلیٰ کے انتخاب کے لیے بلائے گئے پنجاب اسمبلی کے اجلاس میں شدید ہنگامہ آرائی ہوئی اور اجلاس کے شروع ہوتے ہی اسمبلی مچھلی بازار بن گیا جس کی بناء پر ایوان میں ہونے والی شدید بدنظمی کے بعد اسپیکر اسمبلی نے اجلاس 6 اپریل تک ملتوی کر دیا۔
واضح رہے کہ پنجاب کے نئے وزیراعلیٰ کے لیے اپوزیشن کی طرف سے حمزہ شہباز اور حکومت کی طرف سے چوہدری پرویز الٰہی امیدوار ہیں ، اس حوالے سے پاکستان مسلم لیگ ق کے رہنماء اور پنجاب کے وزارت اعلیٰ کے امیدوار چوہدری پرویز الٰہی نے دعویٰ کیا ہے کہ حزب اختلاف 500 بندے بھی لے آئے تو کامیابی ہماری ہی ہو گی ، اپوزیشن کو کچھ پتہ ہی نہیں ہے لیکن پنجاب اسمبلی میں ہونے والی ووٹنگ کا نتیجہ خود بولے گا، اس کے بعد تبصرے ہوں گے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں