اسلام آباد(پی این آئی)وزیراعظم عمران خان کا کہنا ہےکہ اپوزیشن میدان سے بھاگنے کے بہانے ڈھونڈ رہی ہے،کارکن انتخابات کی تیاری کریں، اس بار مفاد پرست اور ضمیر فروشوں کے بجائے مخلص اور قربانیاں دینے والے کارکنوں کو آگے لاؤں گا۔اسلام آباد میں وزیراعظم عمران خان و چیئرمین پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کی زیر صدارت پارٹی کے مرکزی پارلیمانی بورڈ کا اجلاس ہوا۔
اجلاس میں آئندہ انتخابات کے لیے امیدواروں کے تعین اور ٹکٹوں کی تقسیم سے متعلق اہم امور کا جائزہ لیا گیا، وزیراعظم نے صوبائی صدور کو درخواستوں کی وصولی کا عمل جلد مکمل کرنے کی ہدایت کی۔عمران خان کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف پاکستان کی سب سے بڑی اور مقبول ترین جماعت ہے، تحریک انصاف کا ووٹ بینک نہایت تیزی سے بڑھ رہا ہے،کارکنان انتخابات کی تیاری کریں، بہترین امیدوار میدان میں اتاریں گے اور بھرپور طریقے سے اقتدار میں لوٹیں گے۔ان کا کہنا تھا کہ اپنے لوگوں کی اکثریت کے ساتھ حکومت بنائیں گے، اتحادی حکومت میں ہمیشہ بلیک میل ہونا پڑتا ہے، ماضی سے سبق سیکھ کرپارٹی سے مخلص افراد کو ہی ٹکٹس دیں گے، امیدواروں کی اسکروٹنی سخت کی جائےگی، کارکنان انتخابات کی تیاری کریں، اس بار مفاد پرست اور ضمیر فروشوں کے بجائے مخلص اور قربانیاں دینے والے کارکنوں کو آگے لاؤں گا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں