یہ کتنی خطرناک بات ہے کہ 10 سے 15 ارب روپے میں آپ کی حکومت گرائی جاسکتی ہے، وزیراعظم عمران خان پھر بول پڑے

لاہور (پی این آئی) وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ آج غداروں کے خلاف کھڑے نہ ہوئے تو ہماری آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی، آئندہ الیکشن میں ہم بہت سوچ سمجھ کر ٹکٹیں دیں گے، پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر منتخب ہو کر ضمیر کا سودا کرنے والوں کے خلاف عدالت اس لیے گئے تاکہ انہیں جیل بھجوایا جاسکے، یہ کتنی خطرناک بات ہے کہ 10 سے 15 ارب روپے میں آپ کی حکومت گرائی جاسکتی ہے۔

 

گورنر ہاؤس میں تقریب سے خطاب کرتے ہوئے وزیراعظم کا کہنا تھا کہ اگر آج ہم ان غداروں کے خلاف کھڑے نہ ہوئے تو ہماری آنے والی نسلیں ہمیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔ ہم سے ماضی میں غلطیاں ہوئیں جس سے ہمیں بہت نقصان ہوا۔ان غلطیوں سے سیکھا ہے اور اس دفعہ بہت سوچ سمجھ کر ٹکٹیں دیں گے ۔انہوں نے کہا کہ بہت بڑی بیرونی سازش ہوئی ہے ،باہر سے حکومت گرانے کی سازش ہوئی اور یہاں ہمارے غدار ان کی سازش کا حصہ بن گئے۔زیادہ تر لوگوں کو جنہوں نے ان کا ساتھ دیا ان کو اس سازش کا پتہ نہیں تھا۔یہ کتنی خطرناک بات ہے کہ کوئی بھی دشمن ملک 10 سے 15 ارب روپے میں پاکستان کی حکومت گراسکتا ہے۔اگر آج ہم اس غداری کے خلاف کھڑے نہ ہوئے تو ہماری آنے والی نسلیں کبھی معاف نہیں کریں گی۔ جو اس بیرونی سازش میں ملوث تھےاس الیکشن میں ہم سب ان لوگوں کو سبق سکھائیں گے۔

 

پاکستان کے عوام آنے والے الیکشن میں ان کو وہ سبق سکھائیں گے کہ ان کی سیاست کی قبر بنے گی اوریہ ہمیشہ کے لیے ختم ہوں گے۔عمران خان کا مزید کہنا تھا کہ جن لوگوں کا پیسہ اس ملک سے باہر ہے وہ یہی کہیں گے کہ بھکاری کبھی بھی فیصلہ نہیں کر سکتے۔یعنی اگر ہم مقروض ہیں تو ہمیں غلامی کرنا پڑے گی۔ غلامی تم کرو یہ آزاد قوم ہے کسی کے سامنے نہیں جھکتی۔لاہور کے نجی ہوٹل میں ضمیر بیچا جا رہا ہے،اور تماشہ پوری قوم کےسامنے ہے۔یہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ پر آئے اور کچھ ریزرو سیٹ پر آئے پھر وہ اپنے ضمیر کا سودا کرتے ہیں۔اس لیے ہم عدالت گئے تاکہ ان کو نہ صرف نا اہل کروایا جا سکے بلکہ ان کو جیلوں میں بھی ڈالا جا سکے۔یہ قوم کے غدار ہیں،پاکستان کے غدار ہیں۔جب تک ہم ان کو عبرت ناک سزائیں نہیں دیں گے یہ ہمیشہ ہماری جمہوریت کا سودا کریں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close