سکھر(پی این آئی)پاکستان پیپلز پارٹی کے چیئر مین بلاول بھٹو زرداری کا کہنا ہےکہ عمران خان تحریک عدم اعتماد سے بھاگتے بھاگتے آئین کو توڑ گیا ہے جو کہ بھٹو کی امانت ہے۔ اعلیٰ عدلیہ سے درخواست ہے کہ آئین و قانون اور جمہوریت کے مطابق فیصلہ سنایا جائے۔سکھرمیں کارکنوں سے خطاب کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری کا کہنا تھا کہ آئین اور جمہوریت پر تین سال تک حملہ کیا گیا،ہمارے حق پر ڈاکہ ڈالا گیا ہے۔
آپ سب نے دیکھ لیا کہ ہم نے کس طرح عمران خان کو حکومت سے باہر پھینکا۔ان کا کہنا تھا کہ عمران خان کی حکومت اور ان کی سلیکشن نے پاکستانیوں کو بہت نقصان پہنچایا ہے۔عمران خان نے ہر ادارے کو متنازعہ بنایا،جبکہ ہمارا موقف رہا ہے کہ سارے ادارے پاکستان کے ادارے ہیں۔عمران خان اتنا بڑا بزدل ہے کہ مقابلہ کرنے سے ڈرتا رہا اور عدم اعتماد سے بھاگ گیا۔لیکن بھاگتے بھاگتے آئین توڑ کر گیا ہے۔آئین بھٹو کی امانت ہے،ہم پاکستان کے آئین کے ساتھ کسی کو بھی کھلواڑ کرنے کی اجازت نہیں دیں گے۔بلاول بھٹو نے کہا کہ ہمیں اعلیٰ عدلیہ پر پورا بھروسہ ہے اور وہ آئین کے مطابق فیصلہ سنائے گی۔وہ آئین جس کی وجہ سے اعلی عدلیہ ہے، پارلیمان اور ہر ادارہ ہے۔
اسی آئین کو عمران خان نے کاغذ کا ٹکڑا سمجھ کر پھاڑ دیا ہے۔ اعلیٰ عدلیہ کے پاس ایک موقع ہے کہ جو داغ پارلیمان پر اور اعلیٰ عدلیہ پر آیا ہے اس کو صاف کرے تاکہ ہم مستقبل کے لیے محتاط ہو سکیں۔عدلیہ سے گزارش ہے کہ آئین و قانون اور جمہوریت کے مطابق فیصلہ سنایا جائے۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں