ہمارے پاس تین پلان ہیں، پلان اے ہو چکا، پلان بی تیار جبکہ پلان سی انتہائی خوفناک ہوگا، فیصل واوڈا کا دعویٰ

اسلام آباد(پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف(پی ٹی آئی)کے رہنما فیصل واوڈا نے خبردار کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے پاس تین پلان ہیں۔پلان اے ہو چکا جبکہ پلان بی تیار ہو رہا ہے اور ہمارا پلان سی انتہائی خوفناک ہو گا۔نجی ڈی وی کے پروگرام میں فیصل واوڈا نےکہا کہ احسن اقبال نے عمران خان کے جانے کی ٹوئٹ کی جس کو امریکی سفارتخانے نے ری ٹوئٹ کیا ہے۔

 

یہ وہی سفارتخانہ ہے جس کے بارے میں عمران خان نے بات کی،مجھے یہ بتائیں کہ کس حیثیت سے امریکی سفارتخانے نے احسن اقبال کی ٹوئٹ کو ری ٹوئٹ کیا ہے؟ ان کا کہنا تھا کہ اپوزیشن نے پہلے حکومت میں آ کر پاکستان کو تباہ کیا اب یہ دوبارہ لوگوں کے احساسات کے ساتھ کھیل رچانا چاہتے ہیں،ہماری قوم کبھی بھی اپنی خوداری پر سودا نہیں کرے گی۔انہوں نے کہا کہ اپوزیشن ہارس ٹریڈنگ کی سپورٹ کر رہی ہے جبکہ ہمیں جو پیشکش کرتا ہے عمران خان اسے کہتا ہے کہ دفع ہو جاو۔فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ سپریم کورٹ جو بھی فیصلہ کرے گا ہم اس کا احترام کریں گے۔

 

ہم سپریم کورٹ پر آنکھیں بند کرکے بھروسہ کرتے ہیں،ہم اپنے اداروں کو تگڑا بنانا چاہتے ہیں،نواز شریف اور مریم نواز کی طرح نہیں کہ اگر فیصلہ حق میں نہ آئے تو اداروں پر تنقید شروع کردیں اور انہیں متنازعہ بنانے کی کوشش کریں۔خط سے متعلق فیصل واوڈا کا کہنا تھا کہ اگر خط جھوٹا ہوا تو ہم سزا کے حق دار ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں