عمران خان کا ساتھ کیوں دیا تھا؟ علیم خان نے بھی دل کا پردہ چاک کر دیا، کئی سوالات کھڑے کر دیئے

لاہور (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف کے منحرف رہنماء علیم خان نے کہا ہے کہ مونس الٰہی نے ایم پی ایز کی خریدوفروخت کا بازارلگایا ہوا ہے، ارکان کو 6، 6 کروڑ کی بولیاں دی جارہی ہیں،چیلنج کرتا ہوں 50 بندوں کو آفر دی گئی ،چودھری شجاعت کے بیٹوں کو سلام، جومحب وطن باپ کی طرح پوزیشن کے ساتھ کھڑا ہوگئے۔انہوں نے نیوز کانفرنس کرتے ہوئے کہا کہ چند باتیں قوم کے سامنے رکھنا چاہتا ہوں۔

 

ایک بہتر پاکستان کیلئے عمران خان کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا تھا ، ہم نے نئے پاکستان کے لیے دن رات محنت کی،غداری کا الزام لگانے والوں سے پوچھتا ہوں کہ کسی نے پوری تحریک انصاف میں علیم خان کے مقابلے میں آدھی قربانی بھی نہیں دی، 2018میں ایم پی اے اور ایم این اے سیٹ پر الیکشن لڑا، لیکن ایم پی اے سیٹ جیت گیا، 26جولائی 2018کو الیکشن کا نتیجہ آیا اور 28جولائی کو مجھے نیب سے پہلا نوٹس موصول ہوگیا، 31جولائی کو مجھے دوسرا نوٹس، 3اگست کو تیسرا نوٹس،7تاریخ کو مجھے چوتھا نوٹس آگیا ،ایسا کون سا میں نے کارنامہ کردیاتھا کہ ایم پی اے بننے کے بعد مجھے 4بار نیب آفس بلایا گیا، میں 2010سے 2018تک کچھ بھی نہیں تھا، خان صاحب میں آپ سے پوچھتا ہوں اگر آپ نے بزدار کو وزیراعلیٰ بنانا تھا تو مجھے بلا کر کہتے کہ آپ کو وزیراعلیٰ نہیں بنانا چاہتا، پی ٹی آئی کارکنان مجھے جواب دیں، کہ 26جولائی سے قبل میں نے کبھی نیب کا دفتر بھی نہیں دیکھا تھا، نہ ہی نوٹس آیا تھا۔

 

چوتھی بار نیب کے دفتر بیٹھا تھا تو وہاں ٹی وی پر دیکھا کہ عثمان بزدار کو وزیراعلیٰ پنجاب نامزد کردیا گیا۔ عوام حقائق سنیں، یہ سچائی کے لبادے اوڑھے ہوئے ہیں، پھر 6ماہ بعد مجھے نیب کا کوئی نوٹس نہیں آیا، 6ماہ بعد عثمان بزدار کے بارے آیا ان کو تبدیل کیا جارہا ہے، تو مجھے لیٹر آیا میں نیب دفتر گیا تو مجھے وہیں بٹھا لیا، پھر 100دن جیل میں رہا، میں خان صاحب سے کہتا ہوں چھ ماہ میں جو کرپشن کی تھی اس کو قوم کے سامنے لائیں، کیوں میرے خلاف ریفرنس نہیں بنا؟ عمران خان صاحب!قوم کو بتائیں علیم خان نے یہ کرپشن کی ہے، رشوت لی ہے، میرے سامنے بیٹھیں، وعدہ کرتا ہوں کہ اگر میں جھوٹا ثابت ہوا تو خود کو گولی مار لوں گا، ورنہ عمران خان ہمت کرے۔

 

 

میں سودن جیل میں رہا لیکن آج بھی تحقیقات ہورہی ہیں، ریفرنس کیوں نہیں بنا؟میں نے خود آپ کو بزدار کے بارے میں نہیں بتایا تھا کہ تین تین کروڑ میں ڈی سی لگتے تھے، وزیراعلیٰ آفس میں کمشنر، ایس پی لگانے کے ریٹ فکس ہیں، فرح خان کا کیا کردار تھا؟سارے پیسے کہاں گئے؟ انہوں نے کہا کہ آج آپ نے پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ نامزد کردیا، آپ کو 183یم پی ایز میں سے کوئی اپنا ساتھی نظر نہیں آیا؟میں نے پرویز الٰہی کو کبھی پنجاب کا سب سے بڑا ڈاکو نہیں کہا یہ جناب نے کہا تھا، یہ نیاپاکستان ہے؟اب پرویز الٰہی کو ووٹ نہ ڈالنے پرکیا ہم غدار ہیں۔میں سلام پیش کرتا ہوں چودھری شجاعت کے بیٹے کو جو باپ کی طرح محب وطن ہے وہ اپوزیشن کے ساتھ کھڑا ہوگیا، اس کو بھی غدار کہو؟طارق بشیر چیمہ کو بھی غدار کہو، مونس الٰہی نے ایم پی ایز کی خریدوفروخت کا بازارلگایا ہوا ہے، یہاں 6، 6کروڑ کی بولیاں دی جارہی ہیں،چیلنج کرتا ہوں 50بندوں کو آفر دی گئی ہے۔

 

پرویز الٰہی کو ہی ووٹ ڈالنا تھا تو 26سال سیاسی جدوجہد کی کیا ضرورت تھی۔انہوں نے کہا کہ خان صاحب آپ کو کہا تھا کہ گجرات میں پرویز الٰہی کے ساتھ سیٹ ایڈجسٹمنٹ کرلیں، لیکن آپ نے جو باتیں کیں وہ قوم کے سامنے لاؤں؟آج آپ کے پاس اکثریت نہیں تو آپ کہتے انٹرنیشنل سازش ہوگئی؟آپ نے غداری کا الزام لگایا میں امریکی سفیر سے ملتا ہوں، امریکی سفیر کے ساتھ آپ کے گھرمیں ملاتھا، تو کیا آپ بھی غدارتھے؟میں آسٹریلیا، کوریا، یواے ای، سعودی سفیر کو بھی ملتا ہوں تو کیا غدار ہوگئے، جب آپ اپوزیشن میں امریکی سفیر کو ملتے تھے توآپ بھی غدار تھے؟ ایک ایم پی اے امریکی سفیر کو ملا تو آپ سمجھتے ہیں وہ حکومت گرا دے گا؟ کل امریکی سفیر کونسلر سے ملے تو اس کو غدار کہیں گے؟خان صاحب!ایسے نہیں ہوتا آپ کرکٹ میچ جیتو تو ٹھیک ورنہ وکٹیں اٹھا کربھاگ جاؤ گے؟یہ اسپورٹس مین اسپرٹ ہے؟ الیکشن ہورہا تھا قانون کے تحت ہورہا تھا۔

 

آپ نے اسمبلی تو ڑنی تھی تو پہلے توڑ دیتے،عدم اعتماد پیش ہوجائے تو آپ اسمبلی نہیں توڑ سکتے، یہی آئین قانون کہتا ہے۔میں وعدہ کرتا ہوں جس دن ووٹ دوں گا ، اسی روز مستعفی ہوجاؤں گا، میں نے خود سینئر صوبائی وزارت سے استعفا دیا، میرے پاس عثمان بزدار کی کرپشن کے سارے میسجز موجود ہیں جو آپ نے مجھے جوابات دیے میں ساری قوم کے سامنے لے کر آؤں گا۔جتنا علیم خان کو آپ کے بارے معلومات ہیں کسی کو نہیں ہیں، جب کسی کے ساتھ چلو تو لحاظ ہوتا ہے اور شرم آتی ہے لیکن آپ کو شرم نہیں آئی کہ آپ نے اپنے مخلص ساتھی کو جیل میں ڈال دیا،علیم خان آپ کیلئے دن رات محنت کرتا ہوں، آج مجھے غدار کہتے ہو؟ آپ پاکستان کے مامے ہیں؟ آپ پاکستان کو چلائیں گے؟ باقی سب مرجائیں، آپ لوگوں کی آنکھوں میں دھول جھونک رہے ہیں، لبادہ اوڑھا ہوا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close