وزیر اعظم عمران خان کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ امریکی صدر جوبائیڈن نے کیا، ارشد شریف نے سارا منصوبہ بتا دیا

اسلام آباد (پی این آئی) اینکر پرسن ارشد شریف نے دعویٰ کیا ہے کہ وزیر اعظم عمران خان کو عہدے سے ہٹانے کا فیصلہ امریکہ کے صدر جوبائیڈن نے کیا تھا۔اپنے ایک ٹویٹ میں ارشد شریف نے ذرائع کے حوالے سے دعویٰ کیا کہ امریکی صدر جوبائیڈن کی زیر صدارت امریکہ کی قومی سلامتی کمیٹی کا اجلاس ہوا جس میں عمران خان کو وزارتِ عظمیٰ سے ہٹانے کا فیصلہ کیا گیا۔ اس کے بعد امریکہ کے نائب وزیر خارجہ برائے جنوبی و وسطی ایشیا ڈونلڈ لو نے یہ پیغام پاکستانی سفیر کو پہنچایا۔

 

ارشد شریف کے مطابق جس وقت ڈونلڈ لو نے پاکستانی سفیر کو یہ پیغام دیا اس وقت دفاعی اتاشی اور ڈپٹی چیف آف مشن بھی موقع پر موجود تھے۔خیال رہے کہ عمران خان نے 27 مارچ کے جلسے میں ایک خط لہرا کر کہا تھا کہ ان کو ہٹانے کیلئے بیرون ملک سے سازش تیار کی گئی ہے جس میں کچھ لوگ جان بوجھ کر اور کچھ انجانے میں شریک ہوئے ہیں۔ جلسے میں انہوں نے سازش کرنے والے ملک کا نام نہیں لیا تھا۔ بعد ازاں اس حوالے سے قوم سے خطاب کے دوران عمران خان نے بظاہر غلطی سے امریکہ کا نام لیا ۔ اس کے کچھ روز بعد ہی وزیر اعظم نے کھل کر امریکہ کا نام لینا شروع کردیا ۔

close