اسلام آباد (اے پی پی) پاکستان تحریک انصاف ، پی ٹی آئی کے رہنما چوہدری فواد حسین نے کہا ہے کہ سپیکر کی رولنگ حتمی ہے، کسی عدالت میں چیلنج نہیں کی جا سکتی، سیاسی جماعتیں الیکشن سے کیوں بھاگ رہی ہیں، حکومت ہماری گئی ہے، افسوس ہمیں کرنا چاہئے لیکن منہ ان کے لٹکے ہوئے ہیں، پوری پی ٹی آئی جشن منا رہی ہے لیکن اپوزیشن کے منہ دیکھنے والے ہیں، ان کی آنکھوں سے آنسو نکل رہے ہیں۔ ان خیالات کا اظہار انہوں نے اتوار کو یہاں میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے کیا۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ اپوزیشن الیکشن سے کیوں گھبرا رہی ہے،
اگر اتنے شیر کے بچے ہیں تو آئیں الیکشن لڑیں۔ انہوں نے کہا کہ آئینی عمل مکمل ہونے کے بعد سپیکر کی رولنگ آئی ہے، اس وقت پارلیمان میں کوئی تحریک عدم اعتماد زیر التواء نہیں جس کے بعد وزیراعظم کی ایڈوائس پر صدر مملکت نے قومی اسمبلی تحلیل کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ ملک کے اندر 90 روز میں انتخابات ہونے جا رہے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ سابق اپوزیشن لیڈر کو خط لکھ رہے ہیں کہ وہ اپنے عبوری نام دیں۔ چوہدری فواد حسین نے کہا کہ اتوار کے روز عدالتیں نہیں لگنی چاہئیں، پراسیس مکمل ہونا چاہئے،
کبھی بھی سیاسی فیصلے عدالتوں میں نہیں ہوتے، پاکستان کے عوام اس کا فیصلہ کریں گے۔ ایک سوال پر انہوں نے کہا کہ اسپیکر کی رولنگ پر اٹارنی جنرل سے کیوں مشورہ ہوگا؟ اسمبلیاں توڑنے کا اختیار آرٹیکل 58 کے تحت وزیراعظم کا ہے۔ انہوں نے کہا کہ خیبر پختونخوا اور پنجاب میں بھی ہماری حکومتیں ہیں ، آئین کے مطابق ہر چیز ہو رہی ہے، مارشل لاء کا کوئی خطرہ نہیں، فوج کا ان معاملات سے کوئی تعلق نہیں، یہ پارلیمنٹ کے معاملات ہیں۔۔۔۔۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں