تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ، قومی اسمبلی سیکرٹریٹ نے پابندیاں لگا دیں

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان کی قومی اسمبلی کے سیکریٹریٹ نے اتوار کو ہونے والے اجلاس کے موقع پر خصوصی حفاظتی اقدامات اٹھاتے ہوئے وزرا اور ارکان پارلیمان کے مہمانوں کی پارلیمنٹ میں آمد پر پابندی عائد کردی ہے۔قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے سنیچر کو جاری بیان میں کہا گیا ہے کہ کسی بھی سکیورٹی گارڈ کو پارلیمنٹ ہاؤس کی حدود میں داخلے کی اجازت نہیں ہوگی۔

 

بہتر یہی ہوگا کہ انہیں پارلیمنٹ لاجز کے سامنے ہی محدود کیا جائے۔خیال رہے کہ اتوار کو قومی اسمبلی کے اجلاس میں شیڈول کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ ہونی ہے۔ اجلاس کے لیے صبح 11 بج کر 30 منٹ کا وقت دیا گیا ہے۔اراکین اسمبلی کو سہولت فراہم کرنے کی غرض سے پارلیمنٹ لاجز اور گورنمنٹ ہاسٹل سے پارلیمنٹ ہاؤس تک شٹل سروس چلائی جائے گی تاکہ گاڑیوں کا رش نہ لگے۔حفاظتی اقدامات کے تحت اراکین پارلیمنٹ کے ذاتی ڈرائیوروں کو ہدایت کی گئی ہے کہ وہ طے شدہ پارکنگ ایریا میں ہی گاڑیاں کھڑی کریں۔بیان میں مزید کہا گیا ہے کہ قومی اسمبلی سیکریٹریٹ کی جانب سے اٹھائے گئے حفاظتی اقدامات کے مطابق ہی پارلیمنٹ ہاؤس میں تعینات سکیورٹی ایجنسیاں تمام انتظامات کریں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close