ایم کیو ایم کی شمولیت کے بعد اپوزیشن ارکان کی تعداد کتنی ہو گئی؟ مولانا فضل الرحمٰن کا بڑا دعویٰ

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان ڈیموکریٹک موومنٹ کے صدر مولانا فضل الرحمان نے کہا ہے کہ ایم کیوایم کی شمولیت کے بعد اپوزیشن ارکان کی تعداد 175 ہوگئی ہے، قوم سے خطاب کا کوئی فائدہ نہیں، ذرا سی بھی اخلاقیات باقی ہیں تو فوری استعفا دے دو۔سربراہ جے یوآئی ف مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ ایم کیو ایم نے فیصلہ پورے پاکستان کیلئے ایک سیاسی یکجہتی کا اظہار ہے۔

 

ایم کیوایم کا متحدہ اپوزیشن کے ساتھ چلنے کا فیصلہ بہت اچھااقدام ہے، ایم کیوایم کا فیصلہ کراچی اور سندھ کے مفادات میں ہے، عوام کا شکرگزار ہیں جنہوں نے سلیکٹڈ کو نکالنے کے لیے قربانیاں دیں، پاکستان میں صحت مند سیاست کی بنیاد ڈالنا چاہتے ہیں، پونے 4 سال سے ہونے والے ڈرامے کا ڈراپ سین ہوگیا، جن دوستوں نے ابھی تک فیصلہ نہیں کیا انہیں چاہیے کہ وہ قومی دھارے میں شامل ہوں، اب بھی وقت ہے جو دوست فیصلہ نہیں کرسکے جلدی کرلیں، پاکستان میں معاشی اور اقتصادی اصلاحات کی ضرورت ہے، اب سب کچھ حکومت کے ہاتھ سے نکل چکا ہے۔مولانا فضل الرحمان نے کہا کہ سنا ہے وہ قوم سے خطاب کرے گا، عالمی سازش اس وقت ہوئی تھی جب عمران خان کو لایا جارہا تھا، کوئی سازش نہیں ہورہی یہ سب ڈرامہ ہے،آپ کی کوئی حیثیت نہیں کہ آپ کے خلاف سازش ہو، متحدہ اپوزیشن اپنے موقف پر آخری دم تک قائم ہے۔

 

سردار اختر مینگل نے کہا کہ حکومت کو پہلے ہی دن کہا تھا کیچ اور رن آوٹ نہیں ہوں گے۔ آپ کی صرف وکٹ اڑائیں گے، بلوچستان میں گزشتہ کئی سالوں سے انسانی حقوق کی پامالی ہورہی ہے، ہمیں نیا اور پرانا پاکستان نہیں چاہیے وہ پاکستان چاہیے جس میں ہمیں جینے کا حق ہو، ہمیں وہ پاکستان چاہیے جس میں ہر صوبے کو اپنے وسائل پر حق ہو۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں