تحریک عدم اعتماد میں کامیابی کے کتنے فیصد چانسز ہیں؟ وزیراعظم عمران خان نے بتا دیا

اسلام آباد (پی این آئی) وزیراعظم عمران خان نے کہا ہے کہ تحریک عدم اعتماد میں ہماری کامیابی کے 80 فیصد چانسز ہیں، بطور ایک کھلاڑی آخری گیند تک مقابلہ کرنا آتا ہے، اگر سیاسی معاملات ہوتے تو خط میڈیا کے سامنے رکھ دیتے۔

 

میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیراعظم عمران خان کی زیرصدارت کابینہ کا خصوصی اجلاس ہوا، کابینہ اجلاس میں وزیراعظم کو دھمکی آمیز خط پڑھ کر سنایا گیا، کابینہ نے خط کو پاکستان کے خلاف سازش قرار دیا۔خط کے مندرجات کے مطابق عمران خان کی خارجہ پالیسی آزاد ہے، وزیراعظم عمران خان ریاست کو ساتھ لے کر نہیں چل رہے،مندرجات میں بتایا گیا تحریک عدم اعتماد کامیاب ہونے پر پاکستان کے ساتھ معاملات بہتر ہوسکتے ہیں، عدم اعتماد ناکام ہونے پر آنے والے دنوں میں مشکلات کیلئے تیار رہنا چاہیے۔خط کے معاملے پر وزیراعظم عمران نے سینئرصحافیوں سے بھی ملاقات کی، ملاقات میں صحافیوں کے سامنے خط کے مندرجات رکھے گئے تاہم انہیں خط دور سے دکھایا گیا۔اسی طرح فیصلہ کیا گیا ہے کہ پارلیمنٹ کا ان کیمرہ اجلاس بلایا جائے گا اور خط پارلیمنٹ کے ان کیمرہ اجلاس میں لایا جائے گا۔عمران خان نے کہا کہ روس جانے سے پہلے حکام سے تفصیلی بریفنگ لی، خط عسکری حکام سے شیئر کیا جاچکا ہے، مراسلہ ہمارے اپنے سفیر کی طرف سے لکھا گیا ہے، وزیراعظم نے بریفنگ کے دوران کہا ملک کا نام نہیں بتاسکتے۔

 

خط میں کہا گیا ہے کہ اس ملک کی قیادت کا خیال ہے کہ وزیراعظم ذاتی فیصلے کررہے ہیں، خط میں وزیراعظم کے دورہ روس سے متعلق بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا، خط میں جو زبان استعمال کی گئی وہ بتا نہیں سکتے، ہم چاہتے تو خط میں جو کچھ بھی شامل تھا سب میڈیا کے سامنے رکھتے، اگر سیاسی معاملات ہوتے تو خط سب کے سامنے رکھ دیتے۔وزیراعظم عمران خان نے صحافیوں سے گفتگو میں کہا کہ خط میں دورہ روس سے متعلق بھی تحفظات کا اظہار کیا گیا، بیرون ملک دوروں پر ہم سب ایک پیج پر ہیں۔ وزیراعظم عمران خان نے کہا کہ تحریک عدم اعتماد میں 80 فیصد چانس ہیں کہ کامیابی ہماری ہوگی، بطور ایک کھلاڑی آخری گیند تک مقابلہ کرنا آتا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close