وزیراعظم عمران خان آخری لمحات میں کیسے نمبر گیم پوری کریں گے؟ فیصل جاوید خان نے بتادیا

اسلام آباد (پی این آئی) پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے سینیٹر فیصل جاوید خان کا کہنا ہے کہ مراسلے میں ایسی چیزیں ہیں جو بتادی جائیں تو اپوزیشن تباہ و برباد ہوجائے گی، ابھی ووٹنگ کا مرحلہ باقی ہے، تحریک عدم اعتماد پر ووٹنگ کے دن اپوزیشن اپنے نمبر پورے نہیں کرپائے گی۔میڈیا سے گفتگو کرتے ہوئے فیصل جاوید خان نے واضح کیا کہ وزیر اعظم عمران خان استعفیٰ نہیں دیں گے، نہ انہیں کوئی مشورہ ملا اور نہ ہی وہ ایسا کر رہے ہیں، قوم ان کے ساتھ کھڑی ہے۔

 

 

بیرونی سازش کو مل کر ناکام بنانا ہے۔دھمکی آمیز خفیہ مراسلے کے حوالے سے فیصل جاوید خان نے کہا کہ اس مراسلے میں عدم اعتماد کا ذکر کیا گیا ہے، خط میں کہا گیا ہے کہ اگر عمران خان کو ہٹادیتے ہیں تو سب کچھ معاف ہوجائے گا ، اگر نہیں ہٹاتے تو سنگین نتائج ہوں گے، یہ پاکستان اور پاکستان کی آزاد خارجہ پالیسی پر حملہ ہے، ہم کسی بھی ملک کے ساتھ تعلقات خراب نہیں کرنا چاہتے لیکن ہمیں اپنے مفادات کو دیکھنا ہے، کچھ حلقوں کو یہ قبول نہیں ہے ، اسی لیے سازش کی جا رہی ہے، یہ سازش تقریباً ناکام ہوچکی ہے۔انہوں نے کہا کہ اگر عمران خان اس مراسلے کی تفصیلات سامنے لے آئیں تو انہیں بہت زیادہ فائدہ ہے، اس میں اپوزیشن کے بارے میں جو کچھ ہے وہ سامنے آجائے تو اپوزیشن تباہ و برباد ہوجائے گی لیکن وزیر اعظم پاکستان کی خاطر ایسا نہیں کر رہے۔تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے فیصل جاوید کا کہنا تھا کہ ابھی ووٹنگ کا دن باقی ہے، ووٹنگ کے دن اپوزیشن اپنے نمبر پورے نہیں کرپائے گی، قوم کیلئے خوشخبری ہے، یہ کپتان ، حق ، سچ اور پاکستان کی فتح ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں