وزیراعظم عمران خان کی سینئر صحافیوں سے ملاقات، دھمکی آمیز خط کے مندرجات سامنے رکھ دیئے گئے

اسلام آباد (پی این آئی) وزیر اعظم عمران خان نے دھمکی آمیز خط کے مندرجات سے سینئر صحافیوں کو آگاہ کردیا، خط میں تحریک عدم اعتماد ناکام ہونے کی صورت میں پاکستان کو سنگین نتائج کی دھمکی دی گئی ہے۔میڈیا رپورٹس کے مطابق وزیر اعظم عمران خان سے سینئر صحافیوں نے ملاقات کی۔ اس دوران وزیر اعظم نے موصول ہونے والے دھمکی آمیز خط کے بارے میں آگاہ کیا۔

 

 

ملاقات کے دوران صحافیوں کو خط نہیں دکھایا گیا بلکہ اس کے مندرجات بتائےگئے۔ خط اسد عمر کے پاس تھا، وزیر اعظم نے کہا کہ خط پر قومی سلامتی کا ایکٹ لاگو ہوتا ہے اس لیے دکھایا نہیں جاسکتا۔پارلیمنٹ کے ان کیمرا سیشن میں خط سامنے رکھا جائے گا جہاں وزیر خارجہ بریفنگ دیں گے۔وزیر اعظم نے سینئر صحافیوں کو بتایا کہ مراسلہ ہمارے اپنے سفیر نے لکھا ہے۔ انہوں نے کہا کہ وہ ملک کا نام نہیں لے سکتے، خط میں جو زبان استعمال ہوئی وہ بتا بھی نہیں سکتے، خط عسکری قیادت کے ساتھ شیئر کیا جاچکا ہے۔ خط میں وزیر اعظم کے دورہ روس سے متعلق تشویش کا اظہار کیا گیا اور کہا گیا کہ ہم خوش نہیں، عدم اعتماد کامیاب ہوگئی تو پاکستان کیلئے مسائل کم ہوجائیں گے۔ خط میں پاکستان کو کھلی دھمکی دی گئی۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں