یوکرینی صدر نے بھی وزیراعظم عمران خان سے رابطہ کر لیا، کیا مدد مانگ لی؟

اسلام آباد (پی این آئی) یوکرینی صدر کا وزیر اعظم سے ٹیلی فونک رابطہ، عمران خان نے مذاکرات و سفارت کاری کے ذریعے تنازعے کے حل کی حمایت کر دی۔ تفصیلات کے مطابق یوکرین کے صدر ولادیمیر زیلنسکی نے منگل کے روز پاکستان کے وزیر اعظم عمران خان سے ٹیلی فونک رابطہ کیا۔ اے آر وائی نیوز کے مطابق اس رابطے کے دوران دونوں رہنماوں کے درمیان یوکرین کی موجودہ صورتحال کے حوالے سے تفصیلی تبادلہ خیال ہوا۔

 

اس دوران وزیراعظم عمران خان نے فوجی تنازعے کے جاری رہنے پر گہرے افسوس کا اظہار کرتے ہوئےجنگ کے فوری خاتمے اور مذاکرات و سفارت کاری کے ذریعے تنازعے کے حل کی حمایت میں پاکستان کے اصولی موقف کا اعادہ کیا۔ وزیر اعظم عمران خان نے مزید کہا کہ پاکستان جیسے غیرجانبدار ممالک جنگ کے خاتمے اور سفارتی حل کے لیے کوششوں کو تقویت دینے میں مددگار کردار ادا کرنے کی پوزیشن میں ہیں۔عمران خان نے کہا کہ ترقی پذیر ممالک پر تنازعات کے باعث منفی اثرات اجاگر کر رہے ہیں، معیشت پر اثرات تیل، اشیائے خور ونوش کی قیمتوں سے ظاہر ہو رہے ہیں۔ وزیر اعظم نے پاکستانی طلبہ اور شہریوں کے انخلا میں مدد پر یوکرینی صدر کا شکریہ ادا کرتے ہوئے انہیں بتایا کہ پاکستان نے بھی اس مشکل وقت میں یوکرینی عوام کی مشکلات کو یاد رکھا اور امدادی سامان کے طیارے یوکرین بھجوائے گئے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close