دھمکی آمیز خط کا معاملہ، بلاول بھٹو نے وزیراعظم عمران خان کو بڑا چیلنج کر دیا

اسلام آباد (پی این آئی ) پاکستان پیپلزپارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری نے وزیراعظم عمران خان کو خط قوم کے سامنے لانے کا چیلنج کردیا۔ تفصیلات کے مطابق تفصیلات کے مطابق بلوچستان سے آزاد حیثیت میں منتخب ہونے والے رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی کی طرف سے تحریک عدم اعتماد پر اپوزیشن کا ساتھ دینے کا اعلان کرنے کے لیے بلائی گئی پریس کانفرنس میں گفتگو کرتے ہوئے بلاول بھٹو زرداری نے 28 مارچ کو تاریخی دن قرار دیا اور کہا کل بی اے پی نے حکومت چھوڑ کر اپوزیشن کا ساتھ دینے کا اعلان کیا۔

 

جمہوری وطن پارٹی نے بھی اپوزیشن کا ساتھ دینے کا فیصلہ کیا ہے ، اسلم بھوتانی کو بھی خوش آمدید کہتے ہیں۔چیئرمین پیپلزپارٹی نے کہا عمران خان کو چيلنج دیا ہے کہ وہ خط قوم کے سامنے لائيں ، قوم جان چکی ہے کہ عمران خان جھوٹے الزامات لگاتے ہيں۔اسی پریس کانفرنس میں موجود پیپلزپارٹی کے شریک چیئرمین آصف علی زرداری سے جب مسلم لیگ ق کی جانب سے حکومت کی حمایت سے متعلق سوال کیا گیا تو اس کے جواب میں انہوں نے کہا کہ ملک کو بچانے کی غرض سے میں نے ق لیگ کو بھی دعوت دی اور وہ ہمارے ساتھ چلنے کے لیے تیار تھے لیکن معلوم نہیں انہیں کیا ہوا کہ وہ کہیں اور چلے گئے ، ان سے پوچھا جائے کہ رات کے بارہ بجے ہمیں مبارک باد دینے آتے ہیں اور صبح کہیں اور چلے جاتے ہیں۔پیپلز پارٹی کے شریک چیئرمین نے کہا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کے لیے بھی نمبرز ہمارے پاس ہیں حکومت کے پاس نہیں ہیں اس لیے جسے اپوزیشن نامزد کرے گی وزیراعلیٰ پنجاب وہی ہوگا۔

 

اس موقع پر بلوچستان سے تعلق رکھنے والے آزاد رکن قومی اسمبلی اسلم بھوتانی نے کہا کہ ہم تحریک انصاف کے ساتھ ساڑھے 3 سال چلے ہیں ، میں اب زرداری صاحب کے ساتھ ہوں ، اب جہاں آصف علی زرداری ہوں گے میں وہاں جاؤں گا ، بہت پہلے ان کو بتادیا تھا میری وجہ سے آپ کا کوئی معاملہ نہیں رکے گا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں