لاہور (پی این آئی) وزیر اعلیٰ پنجاب سردار عثمان بزدار کا کہنا ہے کہ ان کے سینے میں بہت سے راز دفن ہیں جو دفن ہی رہنے چاہئیں، انسان کی خواہشات کبھی پوری نہیں ہوتیں چاہے اسے امریکہ کا صدر بھی بنادیا جائے، وہ چوہدری پرویز الہٰی کی کامیابی کیلئے بھرپور کردار ادا کریں گے۔
نجی ٹی وی کے مطابق صحافیوں سے غیر رسمی گفتگو کرتے ہوئے سردار عثمان بزدار نے کہا کہ ان کے سینے میں بہت سے راز ہیں جو راز ہی رہنے چاہئیں، ایوان وزیر اعلیٰ سے جائیں گے تو بتائیں گے کہ یہاں آئے کیسے تھے، اگر وہ کتاب لکھیں تو اس کی ریکارڈ فروخت ہوگی ، وہ سوچ رہے ہیں کہ کوہ سلیمان سے سیون کلب روڈ کے سفر پر کتاب لکھیں۔انہوں نے کہا کہ خواہشات اور خواب تو بہت تھے، سب پورے نہیں ہو سکتے، اگر امریکی صدر بھی بنا دیا جائے تو انسان خوش نہیں ہوتا۔وزیراعظم عمران خان حکم دیں تو سیاست چھوڑنےکو بھی تیار ہیں ، پارٹی نے چوہدری پرویز الٰہی کو وزارت اعلیٰ کے لیے نامزد کیا ہے ان کی کامیابی یقینی بنائیں گے، کوئی بزدار گروپ نہیں، وہ صرف عمران خان کے سپاہی ہیں۔عثمان بزدار کا مزید کہنا تھا کہ سیاسی کمیٹی کے اجلاس میں انہوں نے خود مستعفی ہونےکی پیشکش کی تھی،ان کے خلاف کرپشن کا ایک بھی کیس یا سکینڈل نہیں بنا،ان کے دور میں ہونے والے کاموں کی دستاویزی فلم جلد ہی جاری کی جائے گی۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں