ن لیگ کے کتنے اراکین اسمبلی نے پرویز الٰہی کی حمایت کا اعلان کر دیا؟ بڑی خبر آگئی

اسلام آباد (پی این آئی) ن لیگ کے باغی ارکان اسمبلی نے پرویز الٰہی کی حمایت کا اعلان کر دیا۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم کی جانب سے پرویز الہٰی کو وزارت اعلٰی پنجاب کیلئے نامزد کیے جانے کے بعد پنجاب اسمبلی میں مسلم لیگ ن کے باغی رکن کی جانب سے بھی ردعمل دیا گیا ہے۔ ن لیگ کے منحرف رکن اشرف انصاری کا کہنا ہے کہ پرویزالٰہی کو بطور وزیراعلیٰ پنجاب ووٹ دیں گے۔

 

منحرف لیگی رکن کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ہمارے گروپ کے ارکان کی تعداد 7 ہے جب کہ مزید 15 ن لیگی ارکان پرویز الٰہی کو ووٹ دیں گے۔ دوسری جانب جیو نیوز کے مطابق مسلم لیگ ق کے مرکزی رہنماء اور وفاقی وزیر چودھری مونس الٰہی نے کہا ہے کہ وزیراعظم نے چودھری پرویز الٰہی کو وزیراعلیٰ پنجاب کا امیدوار نامزد کردیا ہے،وزیراعظم اور پرویز الٰہی کی ملاقات کے دوران عثمان بزدار سے استعفا لیا گیا۔اسی طرح جیو نیوز کے مطابق ترجمان مسلم لیگ (ق) نے وفاقی وزیر طارق بشیر چیمہ کے وزارت سے مستعفی ہونے کی تصدیق کی ہے۔ ان کا کہنا ہے کہ چودھری شجاعت نے طارق بشیر چیمہ کو وزارت کے عہدے سے مستعفی ہونے کی اجازت دی، جس پر طارق بشیر چیمہ نے عہدے سے استعفا دے دیا ہے۔

 

یاد رہے طارق بشیر چیمہ مسلم لیگ ق کے سینئر رہنماء ہیں اور بہاولپوراین اے 172 سے مسلم لیگ ق کے رکن قومی اسمبلی ہیں۔طارق بشیر چیمہ وفاقی حکومت کی ساڑھے تین سالوں کی کارکردگی سے سخت نالاں ہیں۔ طارق بشیر چیمہ کا کہنا ہے کہ میں نے وفاقی کابینہ چھوڑ دی ہے، اب عمران خان کے خلاف ووٹ دوں گا، کچھ دیر میں تفصیلی فیصلہ جاری کروں گا۔ دوسری جانب وزیراعظم عمران خان اور اسپیکر پنجاب اسمبلی چودھری پرویز الٰہی کے درمیان ہونے والی ملاقات پر مسلم لیگ ق کے سربراہ چودھری شجاعت حسین نے کہا کہ چودھری پرویزالٰہی فیصلہ کرنے نہیں وزیراعظم کی بات سننے گئے ہیں، وزیراعظم سے ملاقات کے بعد مسلم لیگ ق اتحادی جماعتوں کو ساری صورتحال سے آگاہ کیا جائے گا۔

 

جو بھی فیصلہ ہوگا اتحادیوں کی مشاورت سے کریں گے۔ واضح رہے وزیراعظم عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پیش کردی گئی ہے، تحریک عدم اعتماد شہباز شریف نے پیش کی، تحریک عدم اعتماد کے حق میں 161ارکان نے حمایت کی۔ جیو نیوز کے مطابق وزیراعظم عمران خان کے خلاف قومی اسمبلی میں تحریک عدم اعتماد پیش کردی گئی ہے، اجلاس میں ڈپٹی اسپیکر قومی اسمبلی قاسم سوری نے اپوزیشن لیڈر شہباز شریف کو تحریک پیش کرنے کی ہدایت کی ، جس پر اپوزیشن لیڈر شہباز شریف نے تحریک عدم اعتماد پیش کی۔تحریک عدم اعتماد کے حق میں161 ارکان نے حمایت کی، جس پر وزیراعظم عمران خان کیخلاف عدم اعتماد کی تحریک پیش کرنے کی باقاعدہ اجازت دی گئی۔ تحریک عدم اعتماد پیش ہونے پر اس پر باقاعدہ بحث ہوگی ۔اسپیکر قومی اسمبلی نے 31 مارچ بروز جمعرات 4 بجے تک ایوان کی کاروائی ملتوی کردی ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close