اسلام آباد ( پی این آئی) وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد نے کہا ہے کہ عمران خان 12 ووٹوں سے جیت جائیں گے۔ تفصیلات کے مطابق وزیر اعظم عمران خان کے خلاف تحریک عدم اعتماد کے حوالے سے وفاقی وزیر داخلہ شیخ رشید احمد کا اہم بیان سامنے آیا ہے۔شیخ رشید احمد نے دعویٰ کیا ہے کہ 30 سے 31 تاریخ تک عمران خان 12 ووٹوں سے جیت جائیں گے۔
وزیر داخلہ کے مطابق عمران خان وزارت عظمٰی کسی کو نہیں دیں گے، عمران خان ہی جیتیں گے میں بھی ان کے ساتھ چٹان کی طرح کھڑا ہوں۔اس سے قبل پیر کی صبح جاری اپنے ایک بیان میں وزیر داخلہ نے کہا کہ خرید و فروخت کا سلسلہ جاری ہے ، آصف زرداری شاطر سیاستدان ہیں جو خرید و فروخت میں لگے ہیں، 72گھنٹے میں سب واضح ہوجائے گا ، آخری بال تک عمران خان کھیلیں گے ، ابھی جلسہ جلسہ ہے کھیل کل سے شروع ہو گا ، میں اس میں عمران خان کے ساتھ ہوں ، ہم نے اپنی ٹکٹ پر انتخاب لڑا لیکن عمران خان کے ساتھ کھڑا ہوں ، وزارت ہو یا نہ ہو ، میں اور میرے حامی عمران خان کے ساتھ کھڑے ہیں ، گزشتہ روز کے جلسے کے بعد لوگوں کی آنکھیں کھلنی چاہیے ، جو خرید و فروخت کرتے ہیں،علاقے کے لوگوں کو ان کا بائیکاٹ کرنا چاہیے۔وزیر داخلہ نے کہا کہ ہمیں پتہ نہیں ہے کہ ن لیگ نے کدھر سے آنا ہے کیوں کہ ابھی تک ن لیگ نے ہمیں کچھ نہیں بتایا۔
ن لیگ والوں کا اپنا کوئی کراؤڈ نہیں ہے ، ان کے پاس اپنے لوگ نہیں تو مولویوں سے خطاب کرنے آ رہے ہیں ، کیوں کہ مولانا فضل الرحمان کے مدرسوں میں چھٹیاں ہیں ، ن لیگ کو جلسے کی اجازت ہے،دھرنے کی نہیں، جے یو آئی بھی آج بغیر اجازت بیٹھی ہے ، میں تصادم نہیں چاہتا ،جے یو آئی کا جلسہ ختم ہوگیا ہے ، آج ن لیگ کو جلسہ کرنے کی اجازت ہے ، یہ گینگ آف تھری ہےجوایک دوسرے کے ساتھ نہیں تھے ، آصف زرداری اپنےگاؤں نوابشاہ میں کونسلرنہیں بن سکے۔شیخ رشید احمد نے کہا کہ میں نے کسی حکومت کو وقت پورا کرتے نہیں دیکھا ، 1977 کے بعد پہلی دفعہ جلوس کے ساتھ تھا ، پاکستان میں بھٹو خاندان کی سیاست نہیں ہے ، مجھے خط کا علم نہیں ہے ، رات کو پتہ چلا ہے جب شاہ محمود قریشی نے خط کی بات کی ، اسٹیبلشمنٹ صرف پاکستان کے ساتھ ہے ، آج کا دن ہے وہ گزر جائے باقی اسمبلی کے باہرصورتحال ہم ذمہ دار ہیں ، میں آئندہ انتخابات لڑوں یا نہ لڑوں ابھی فیصلہ نہیں کیا ، پچھلا انتخاب بھی نواز شریف نے چیلنج کیا تو لڑا تھا ، میرا نام شیخ رشید ہے،کوئی حملہ آور ہو میں اسے معاف نہیں کرتا۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں