سپریم کورٹ نے سندھ ہاؤس پر حملے کرنے والے پی ٹی آئی کے ملزمان کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا

اسلام آباد(پی این آئی ) سپریم کورٹ نے سندھ ہاؤس پر حملہ کرنے والوں کو گرفتار کرنے کا حکم دے دیا اور اضافی دفعات کے مطابق کارروائی کر کے کل رپورٹ جمع کرانے کی ہدایت کردی۔تفصیلات کے مطابق سپریم کورٹ میں آرٹیکل 63 اے کی تشریح کیلئے صدارتی ریفرنس پر سماعت ہوئی ، دوران سماعت ایڈووکیٹ جنرل سندھ نے سندھ ہاؤس حملے کا معاملہ اٹھایا۔نجی ٹی وی اے آروائی کے مطابق عدالت نے ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد سے استفسار کیا کہ

آپ نے ابتک عدالتی حکم پر عمل کیوں نہیں کیا، جس پر ایڈووکیٹ جنرل اسلام آباد نے بتایا کہ ایف آئی آر میں متعلقہ دفعات کا اضافہ کر دیا ہے، شواہد کے مطابق دہشت گردی کا واقعہ نہیں بنتا۔چیف جسٹس نے کہا جن دفعات کا اضافہ کیا ہے ان کے تحت ملزمان کی گرفتاریاں کریں، جس پر ایڈووکیٹ جنرل کا کہنا تھا کہ ہم نے گرفتاری کی تھی ملزمان نے ضمانتیں کرا لیں۔جسٹس عطا بندیال کا کہنا تھا کہ وہ ضمانتیں تب ہوئیں جب ایف آئی آر میں قابل ضمانت دفعات تھیں،

اضافی دفعات کے مطابق کارروائی کر کے کل رپورٹ جمع کرائیں۔سپریم کورٹ نے سندھ ہاؤس پر حملہ کرنے والوں کو گرفتار کرنے کا حکم دیتے ہوئے کہا ہم نے قانون کے مطابق عملدرآمد کا حکم دے دیا ہے ،اب بھی کوئی شکایت ہے تومتعلقہ فورم پر جائیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close