شاہ زین بگٹی چند گھنٹوں بعد ہی حکومت میں واپس۔۔؟ بڑا دعویٰ کر دیا گیا

اسلام آباد (پی این آئی )وفاقی وزیر اطلاعات فواد چوہدری کا کہنا ہے کہ شاہ زین بگٹی کل واپس آجائیں گے، 12 لوگوں نے پریس کانفرنس کی ان میں سے 4 نے واپسی کا راستہ اختیار کرلیا ہے۔ایک بیان میں فواد چوہدری نے کہا کہ اسد عمر کی کل شاہ زین بگٹی سے ملاقات ہونی ہے،کسی پر کوئی قدغن نہیں ،فیصلے انہیں خودکرنے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ ووٹ سے ایک گھنٹہ پہلے تک صورتحال بدلتی رہے گی، مستقبل کیلئے بارگین ہوتی ہے۔

 

یہ پی ٹی آئی کے ساتھ ہی ہیں۔فواد چوہدری کا کہنا تھا کہ ’وہ جہاں بھی گیا لوٹا تو میرے پاس آیا بس یہی بات ہے اچھی میرے ہرجائی کی‘۔خیال رہے کہ آج جمہوری وطن پارٹی کے شاہ زین بگٹی نے آج بلاول بھٹو کے ساتھ ملاقات میں وفاقی کابینہ سے مستعفی ہو کر پی ڈی ایم میں شمولیت کا اعلان کیا تھا۔ شاہ زین بگٹی کہا کہ ہم حکومت کے ساتھ قریب ساڑھے تین سال تک چلے ہیں ، اس دوران حکومت نے سوائے وعدوں کے کچھ نہیں کیا، جس طرح حکومت اوپزیشن لیڈران کو تنقید کا نشانہ بنایا ہے سیاسی طور پر ایسی گفتگو نہیں کرنی چاہئے ، یہ اخلاقیات سے باہر ہے ، ہم نے ساڑھے تین سال میں بہت کوشش کہ حالات میں بہتری ہو سکے مگر بات نہ بنی ۔شاہ زین بگٹی نے کہا کہ ہمیں بلوچستان میں صورتحال کو بہتر کرنے کا مینڈیٹ دیا گیا تھا ، ہم نے اپنی ذمہ داری ادا کی ، دو ماہ سے پہلے تک بلوچستان کے حالات ٹھیک تھے۔

 

ہم نے لوگوں سے بات چیت کی اور انہیں ایک نکتے پر اکٹھا کیا مگر وفاقی حکومت اپنا کردار نہ ادا کر سکی ، ایک ہفتہ قبل بھی حکومت کو بتایا کہ بلوچستان میں دو لاکھ 90 ہزار سے زائد مہاجرین 2005 سے بے یارو مددگار ہیں ، یہاں مسنگ پرسن کا مسئلہ بھی ہے ، وفاقی حکومت نے دلاسے تو بہت دیے مگر عوام کے اعتماد کو ٹھیس پہنچی ۔ ہم وفاقی کابینہ سے مستعفی ہو کر پی ڈی ایم میں شمولیت کا اعلان کرتے ہیں ، ہم پی ڈی ایم کے ساتھ کھڑے ہیں ۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں