اسلام آباد (پی این آئی) وزیر اعظم عمران خان کا کہنا ہے کہ ان کی بیرونی فنڈنگ سے حکومت گرانے کی کوشش کی جا رہی ہے، جس طرح کا آج اتحاد بنا ہوا ہے اسی طرح کا اتحاد ذوالفقار علی بھٹو کی پھانسی کی وجہ بنا لیکن اب حالات تبدیل ہوچکے ہیں، ہمیں تحریری دھمکی دی گئی ہے۔اسلام آباد کے پریڈ گراؤنڈ میں پاکستان تحریک انصاف (پی ٹی آئی) کے امر بالمعروف جلسے سے خطاب کرتے ہوئے وزیر اعظم نے کہا کہ ہمارے ملک کے اندر موجود لوگوں کی مدد سے حکومتیں تبدیل کی گئیں۔
باہر سے ہمارے ملک کی خارجہ پالیسی کو متاثر کیا جا رہا ہے،جب ذوالفقار علی بھٹو نے پاکستان کی خارجہ پالیسی کو آزاد کرنے کی کوشش کی تو فضل الرحمان اور نواز شریف کی اس وقت کی پارٹیوں نے اسی طرح کا اتحاد بنایا جس طرح کا آج ان کے خلاف بنایا گیا ہے، اسی وجہ سے بعد میں ذوالفقار علی بھٹو کو پھانسی ہوئی، بلاول اور آصف زرداری کو شرم نہیں آتی کہ جس نانا کے نام پر سیاست کرتے ہیں اسی کے قاتلوں کے ساتھ مل بیٹھے ہیں۔ انہوں نے کہا کہ اس سازش کا ہمیں پچھلے مہینوں سے پتا ہے کہ یہ ہورہی ہے، یہ جو آج قاتل اور مقتول اکٹھے ہوگئے ہیں ان کو اکٹھا کرنے والوں کا بھی ہمیں پتا ہے، لیکن آج وہ ذوالفقار علی بھٹو والا ٹائم نہیں، وقت بدل چکا ہےہم کسی کی غلامی قبول نہیں کریں گے۔ عمران خان کا کہنا تھا کہ باہر کے پیسے کی مدد سے حکومت تبدیل کرنے کی کوشش کی جا رہی ہے، پیسہ باہر سے ہے اور لوگ ہمارے استعمال ہو رہے ہیں۔
زیادہ تر انجانے میں لیکن کچھ جان بوجھ کر یہ پیسہ ہمارے خلاف استعمال کر رہے ہیں۔ہمیں پتا ہے کہ باہر سے کن کن جگہوں سے ہم پر دباؤ ڈالنے کی کوشش کی جا رہی ہے ، ہمیں لکھ کر دھمکی دی گئی ہے، ہم ملکی مفاد پر کوئی سمجھوتہ نہیں کریں گے، قوم کے سامنے پاکستان کی آزادی کا مقدمہ رکھ رہا ہوں، یہ کوئی الزامات نہیں ہیں میرے پاس ایک خط ہے جو کہ اس بات کا ثبوت ہے، اگر کسی کو شک ہو تو آف دی ریکارڈ اس کو یہ خط دکھا کر اس سے بات کرسکتا ہوں۔
تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں