بھارت میں سالوں سے قید خاتون بیٹی سمیت پاکستان کے حوالے کر دی گئی، اس خاتون کو کیا قید کیا گیا تھا؟

اسلام آباد(پی این آئی)بھارت میں چار سال سے قید پاکستانی خاتون سمیرا اپنی بیٹی سمیت پاکستان پہنچ گئیں۔پاکستانی وزارت خارجہ نے سمیرا رحمان اور ان کی 4 سالہ بیٹی ثنا فاطمہ کی پاکستان کو حوالگی کی تصدیق کردی ہے۔سینیٹر عرفان صدیقی کے مطابق پاکستانی حکام کو سمیرا کے حوالے سے ضروری کارروائی کی تکمیل میں دو تین دن لگیں گے ۔خیال رہےکہ سمیرا کا تعلق کراچی سے ہے، سمیرا کے والدین گذشتہ کئی برسوں سے قطر میں روزگار کے لیے مقیم ہیں، قطر میں والدین کی مرضی کے خلاف سمیرا نے بھارتی نوجوان سے شادی کی،

سمیراشوہر کے ہمراہ بغیر ویزے کے 2016 میں انڈیا میں داخل ہوئیں، کچھ عرصے بعد بھارتی حکام کی جانب سے دونوں کو گرفتار کرلیا گیا، شوہر پر انہیں بغیر ویزا انڈیا لانے میں سہولت کاری کا الزام تھا، قید کے ابتدائی دنوں میں ہی جیل میں سمیرا کی بیٹی پیدا ہوئی۔کچھ عرصے بعد ان کے شوہر کو ضمانت پر رہا کر دیا گیا اور شوہر نے رہائی کے بعد ان سے رابطہ بھی ختم کردیا۔شوہر سے رابطہ ختم ہونےکے بعد سمیرا نے اقرار جرم کیا جس پر انھیں تین سال قید کی سزا ہوئی جو وہ پہلے ہی مکمل کر چکی تھیں۔

میڈیا پر خبریں آنےکے بعد پاکستان میں مسلم لیگ ن کے سینیٹر عرفان صدیقی نے یہ معاملہ گزشتہ ماہ 14 فروری کو سینیٹ میں اٹھایا تھا جس کے بعد پاکستانی حکومت اور بھارت میں پاکستانی ہائی کمیشن نے سمیرا کو پاکستان لانے کے لیے ضروری انتظامات کیے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close