پنجاب کی اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری کی تیاری کی خبروں پر شہبازگل کا ردِ عمل بھی آگیا

لاہور (پی این آئی) شہباز گل کی جانب سے پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری تیار کر لیے جانے کی تردید۔ تفصیلات کے مطابق نجی ٹی وی چینل کی جانب سے پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری تیار کیے جانے کا دعویٰ کیے جانے کے بعد وزیر اعظم عمران خان کے معاون خصوصی شہباز گل کی جانب سے سماجی رابطوں کی ویب سائٹ ٹوئٹر پر جاری پیغام میں وضاحت کی گئی ہے۔

شہباز نے اپنی ٹوئٹ میں پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری تیار کر لیے جانے کی تردید کرتے ہوئے لکھا کہ جیو نیوز نے پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کی سمری کے بارے ایک خبر دی ہے جو کہ درست نہیں ہے، غلط خبر ہے۔ واضح رہے کہ نجی ٹی وی چینل کی جانب سے دعویٰ کیا گیا ہے کہ ذرائع وزیر اعلیٰ پنجاب کا بتانا ہے کہ عثمان بزدار نے صوبائی اسمبلی تحلیل کرنے کیلئے سمری تیار کر لی ہے۔دعویٰ کیا گیا ہے کہ وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار نے کہا ہے کہ وہ وزیر اعظم عمران خان کے حکم پر عہدہ چھوڑنے یا اسمبلی تحلیل کرنے کیلئے تیار ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان ہفتے کے روز کمالیہ جلسے میں شرکت کے بعد وزیر اعلیٰ پنجاب عثمان بزدار کو بھی اپنے ساتھ اسلام آباد لے گئے ہیں۔ اس سے قبل رپورٹ میں دعویٰ کیا گیا کہ حکومت پنجاب اسمبلی تحلیل کرنے کرنے پر مشاورت کر رہی ہے۔

 

 

جہانگیر ترین اور علیم خان گروپ کی ناراضی کے باعث حکومت پہلے ہی مشکلات کا شکار ہے۔گذشتہ روز وزیراعظم عمران خان کی صحافیوں سے ہونے والی ملاقات میں بھی پنجاب میں کرپشن اور وزیراعلیٰ کی تبدیلی پر سوالات ہوئے۔اسمبلی تحلیل کرنے کے حوالے سے حتمی فیصلہ وزیراعظم عمران خان کریں گے۔رپورٹ کے مطابق وزیراعلیٰ کی تبدیلی سکینڈ آپشن تھی لیکن اس کے لیے وقت نہیں مل سکا۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close