کچھ بھی ہو جائے عمران خان کی دل سے قدر کرتا ہوں، ڈی جے بٹ ایک بار پھر پی ٹی آئی جلسے کی رونق بننے کو تیار، ماضی کی چپقلش کے حوالے سے کیا کہا؟

اسلام آباد(پی این آئی)پاکستان کی حکمران جماعت تحریک انصاف نے اسلام آباد میں 27 مارچ کو ہونے والے جلسے کے لیے مشہور زمانہ ڈی جے بٹ کی خدمات دوبارہ حاصل کر لی ہیں۔ڈی جے بٹ نے اس بات کی تصدیق کرتے ہوئےبتایا کہ تحریک انصاف نے پریڈ گراؤنڈ کے جلسے کے لیے ساؤنڈ سسٹم کا انتظام کرنے اور ڈی جے کے فرائض سر انجام دینے کے لیے کہا ہے۔

 

انہوں نے بتایا کہ وہ ڈی جے کے فرائض ادا کرنے کے پیسے نہیں لیں گے لیکن ساؤنڈ سسٹم کی رقم مارکیٹ ریٹ کے حوالے سے ہی ہو گی۔ڈی جے بٹ کے مطابق پریڈ گراؤنڈ پر حد نگاہ تک ساؤنڈ سسٹم نصب کیے جا چکے ہیں، اب صرف سسٹم کو چیک کیا جا رہا ہے کہ جلسے کے دوران کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے۔انہوں نے بتایا کہ تین روز سے ان کی ٹیمیں پریڈ گراؤنڈ میں کام کر رہی ہیں۔ ڈی جے بٹ کا کہنا تھا کہ تحریک انصاف سے ان کو کوئی گلہ شکوہ نہیں ہے اور ماضی میں ہونے والی زیادتیوں کو انہوں نے معاف کر دیا ہے۔خیال رہے کہ ماضی میں ڈی جے بٹ اپنی خدمات کے عوض تحریک انصاف پر پیسے نہ ادا کرنے کے الزامات عائد کر چکے ہیں۔اس حوالے سے بات کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ ’2014 کے اسلام آباد دھرنے کے پیسے مجھے نہیں دیے گئے تھے۔ تاہم بعد ازاں میں نے 2015 میں پی ٹی آئی کو معاف کر دیا تھا۔‘حکومت میں آنے کے بعد ڈی جے بٹ تحریک انصاف سے دور ہو گئے تھے۔

 

اس کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ پی ٹی آئی کے جلسوں کی شرح کم ہو گئی تھی جس کے بعد ڈی جے بٹ نے اپوزیشن کے جلسوں میں اپنی پیشہ وارانہ خدمات دینا شروع کر دی تھیں۔دسمبر 2020 لاہور میں پاکستان ڈیموکرٹک موومنٹ (پی ڈی ایم) کے جلسے میں بھی ان کی خدمات حاصل کی گئیں لیکن جلسہ شروع ہونے سے پہلے ہی پولیس نے ڈی جے بٹ کو حراست میں لے لیا تھا۔ اپوزیشن جماعتوں کو ہنگامی طور پر اسلام آباد کی ایک ساؤنڈ سسٹم فراہم کرنے کے والی کمپنی کی خدمات حاصل کرنا پڑی تھیں۔اس حوالے سے انہوں نے بتایا ’تحریک انصاف کی حکومت نے آج تک اس بات کی وضاحت نہیں کی کہ اس وقت مجھے گرفتار کر کے تھانے میں کیوں رکھا گیا۔ نہ پولیس نے کبھی اس کی وضاحت کی نہ پارٹی نے، البتہ خان صاحب نے اس عمل کی مذمت کی تھی جو میرے لیے کافی ہے۔

 

‘ ڈی جے بٹ کہتے ہیں کہ کچھ بھی ہو جائے وہ عمران خان کی دل سے قد ر کرتے ہیں اور تحریک انصاف کے ساتھ ہونے والی ماضی کی چپقلش کو بھلا چکے ہیں۔ وزیر اعظم عمران خان تحریک عدم اعتماد کے خلاف عوامی طاقت کا مظاہرہ کرنے کا اعلان کر چکے ہیں جبکہ وفاقی وزرا کا کہنا ہے کہ 27 مارچ کو اسلام آباد پریڈ گراؤنڈ میں ہونے والا جلسہ تمام جلسوں کی ’ماں‘ ہو گا۔ جبکہ وزیر اعظم اعلان کر چکے ہیں کہ وہ اس جلسے میں اپوزیشن کو ایک بڑا سرپرائز دیں گے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں