تحریک انصاف نہیں چھوڑی ، منحرف رکن اسمبلی نور عالم خان نے یوٹرن لے لیا؟ شوکاز نوٹس پر جواب دیدیا

اسلام آباد (پی این آئی) تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نورعالم خان نے پی ٹی آئی کے شوکاز نوٹس کا جواب دے دیا ہے، انہوں نے کہا کہ مجھ پر لگائے گئے الزامات بےبنیاد اورغیرحقیقی ہیں، میں پی ٹی آئی اور پارلیمانی پارٹی سے الگ نہیں ہوا، میرے اوپرآئین کے آرٹیکل 63 کا ہرگز اطلاق نہیں ہوتا۔ تحریک انصاف کے رکن قومی اسمبلی نورعالم خان نے پی ٹی آئی کے شوکاز نوٹس کا جواب دیتے ہوئے کہا کہ شوکازنوٹس میں لگے الزمات کی سختی سے تردید کرتا ہوں۔

 

نور عالم خان کو پی ٹی آئی کے سیکریٹری جنرل اسد عمر نے شوکاز نوٹس جاری کیا تھا۔انہوں نے کہا کہ مجھ پر لگائے گئے الزامات بےبنیاد اور غیرحقیقی ہیں، میں نے کوئی ایسا انٹرویو میڈیا میں نہیں دیا جس کی وضاحت کی ضرورت پڑے، میں نے نہ تحریک انصاف کو چھوڑا ہے، نہ ہی پارلیمانی پارٹی سے الگ ہوا ہوں۔میرے اوپر آئین کے آرٹیکل 63 کا ہرگز اطلاق نہیں ہوتا، شوکازنوٹس میں لگے الزمات کی سختی سے تردید کرتا ہوں، تمام الزامات غلط ہیں ذاتی پیشی کی ضرورت بھی محسوس نہیں کرتا۔یاد رہے19 مارچ کو پاکستان تحریک انصاف کے منحرف 13 اراکین کو شوکاز نوٹسز جاری کیے گئے تھے، نوٹس نور عالم خان، افضل ڈھاندلا، نواب شیر وسیر، راجہ ریاض سمیت احمد حسین ڈیہر، رانا قاسم نون، غفار وٹو، باسط بخاری کو جاری کیا گیا۔شوکاز کے متن کے مطابق منحرف اراکین کو وزیراعظم کے سامنے پیش ہونے کا کہا گیا تھا، یہ بھی کہا گیا کہ ٹی وی چینل کو دیے گئے انٹرویو سے ثابت ہوگیا کہ آپ تمام لوگ پارٹی چھوڑ چکے۔نوٹس میں کہا گیا کہ ارکان وزیراعظم کیخلاف عدم اعتماد لانے والی اپوزیشن سے مل چکے ہیں۔

 

ارکان کو 7 روز کے اندر معافی مانگ کر غیرمشروط پارٹی میں واپس آنے کی مہلت دی جائے گی جبکہ 7 روز تک جواب نہ دینے والوں کے خلاف قانونی کارروائی کی جائے گی۔ شوکاز نوٹس ملنے والے منحرف اراکین کی فہرست میں نور عالم خان، افضل ڈھاندلا، نواب شیر،راجہ ریاض احمد، احمد حسین ڈیہر، رانا محمد قاسم، محمد عبدالغفار وٹو، مخدوم زادا سید باسط احمد ، عامر طلال، خواجہ شیراز محمود، سردار ریاض محمود خان، وجیہہ قمر،نزہت پٹھان اور رمیش کمار شامل ہیں۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں