اپوزیشن کو 28 مارچ کو کونسا بڑا سرپرائز دینے والے ہیں؟ حکومت کا بڑا دعویٰ

اسلام آباد(پی این آئی) وفاقی مشیر قانون بابر اعوان نے کہا ہے کہ اپوزیشن کو 28مارچ کو بھی اسمبلی اجلاس میں سرپرائز دیں گے،اپوزیشن کے پاس ایک ہی آپشن تھا جو استعمال کرچکے ہیں، حکومت کے پاس کئی سرپرائزاور کارڈز ہیں، ہم آئین وقانون کے مطابق ہاؤس چلا کر اپوزیشن کو شکست دیں گے،یہ نہیں بتا سکتا اسپیکر 28مارچ کو ہی ووٹنگ کروائیں گے یا نہیں۔

 

انہوں نے نجی ٹی وی کے پروگرام میں گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ آج اسمبلی میں جو کچھ ہوا وہ ساری اسمبلیوں میں ہوا اور ہوتا رہا ہے، رولز کے مطابق جب کوئی ممبر فوت ہوجاتا ہے تو فاتحہ خوانی کروا کے اسمبلی اجلاس ملتوی کردیا جاتا ہے۔ اسلام آباد میں جس طرح کی تیزی ہے وہ بظاہر ویسے نہیں ہے۔ اب اجلاس 28مارچ کو ہوگا، آئین کے مطابق تحریک نہیں بلکہ قرارداد اسمبلی میں پیش ہوگی جو 7دن یعنی اپریل کی 3تاریخ تک جائے گی۔انہوں نے کہا کہ ہمارے 7ارکان واپس آئے لیکن پھر ان کو پیسے لگائے گئے، اب تو سینئر اینکرز کہہ رہے ہیں 50ارب کی گنتی کررہے ہیں کہ فلاں فلاں کو دو ارب مل گیا ہے۔جو پروپیگنڈے کیے جارہے ہیں، اس کو کاؤنٹر کرنے کیلئے ہمارے پاس سرپرائزز بھی ہیں اور کارڈز بھی ہیں۔ ایک سرپرائز آج دیا ہے، شور تھا کہ 25کو پتا نہیں کیا ہوجائے گا لیکن اجلاس ملتوی ہوگیا، اب 28کو اپوزیشن نے قرارداد پیش کرنی ہے۔

 

شہبازشریف کو پتا ہوگا کہ وہ بھائی کی طرح بھاگ تو نہیں جائیں گے،28مارچ کو بھی اپوزیشن سرپرائز دیں گے،ہم آئین وقانون کے مطابق ہاؤس چلا کر اپوزیشن کو شکست دیں گے،اپوزیشن کے پاس ایک ہی آپشن تھا جو استعمال کرچکے ہیں۔انہوں نے ایک سوال پر کہا کہ میں نہیں بتا سکتا اسپیکر اسی دن ووٹنگ کروائیں گے یا نہیں، غیرجمہوری کام ہم نہیں کریں گے۔انہوں نے کہا کہ حکومت اور پی ڈی ایم دونوں نے سپریم کورٹ میں وعدہ کیا کہ ہم شہر کو بند نہیں کریں گے، لیکن آج سری نگر روڈ کو بند کرنے کی کوشش کی گئی کہ ہم جلسہ وہاں کریں گے۔ ہمت کرو ایف نائن پارک میں جلسہ کریں،جو اتنا بڑا نہیں ہے، لیکن ہمیں بہت بڑا پریڈ گراؤنڈ ملا ہے۔ اسلام آباد ہائیکورٹ میں توہین عدالت کی درخواست دیں گے کہ ایک جتھہ شاہراہ کو بند کرنے کی کوشش کررہا ہے۔

تازہ ترین خبروں کے لیے پی این آئی کا فیس بک پیج فالو کریں

close